اسلام آباد: وزارت خزانہ نے معاشرے کے کمزور طبقات کو افراط زر کے اثرات سے بچانے کے لیے حکومتی اسکیم کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے لیے 10 ارب روپے جاری کردیے۔
یو ایس سی کے منیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے 50 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں اور اس میں سے وزارت خزانہ نے 10 ارب روپے جاری کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ اوپن مارکیٹ اور یوٹیلیٹی اسٹورز کے مابین مختلف اشیا کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہے اس لیے صارفین یوٹیلیٹی اسٹور کی طرف زیادہ متوجہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی پر سبسڈی دینے کی وجہ سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر فی کلو 67 روپے میں فروخت کی جارہی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت 80 روپے فی کلو سے بھی زیادہ ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر عمر لودھی نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹوروں نے رواں ماہ کے پہلے چار دنوں کے دوران 2 ارب 30 کروڑ روپے کی ریکارڈ فروخت کی۔
انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے افراد اور بچت کی عادت رکھنے والوں نے یوٹیلیٹی اسٹوروں پر سامان اور خدمات کے معیار پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ یو ایس سی کو 50 ارب روپے کے پیکیج میں سے یہ پہلی قسط ہے جو وزیر اعظم عمران خان نے مارچ کے پہلے ہفتے میں اعلان کی تھی۔
تاہم سبسڈی والے نرخوں پر آٹے کی ہموار فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت نے پاسکو (پاکستان زرعی اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن) کو 2 لاکھ ٹن گندم جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عید الفطر تک آٹے کی فروخت کے لیے 2 لاکھ ٹن کا اور بیچ جلد یو ایس سی کو جاری کیا جائے گا کیونکہ اس میں رمضان پیکیج بھی شامل ہوگا۔
گندم کی پیسنے کا عمل فلورملز کے ذریعے کیا گیا جو ٹینڈرنگ کے عمل کے بعد اہل قرار پائے تھے۔
واضح رہے کہ 50 ارب روپے کا امدادی پیکج جنوری 2020 سے زیر التوا ادائیگی کو دور کرنے اور نئے آرڈز کے لیے استعمال کیا گیا۔
اس پیکیج سے یو ایس سی کو جنوری میں اپنی انوینٹریز کو غیرمعمولی بڑھانے کا موقعہ ملا جو 12 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
یو ایس سی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس کا ہدف ہے کہ یو ایس سی اسٹوریج اور ان کی بکنگ کو 20 ارب روپے تک بڑھایا جائے۔
دریں اثنا یو ایس سی نے رمضان پیکیج کی سمری کو حتمی شکل دے دی ہے جسے جلد ہی وزارت صنعت و پیداوار کو ارسال کی جائے گی۔
جسے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں رکھا جائے گا۔
حکومت دودھ ، چائے، چنے کا آٹا، کھجوریں، سافٹ ڈرنکس اور مصالحے سمیت 19 ضروری اشیا پر سبسڈی فراہم کرے گی۔