وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب کے سفارتی تعلقات کو 50 سال مکمل ہورہے ہیں اور ہم ان میں مزید بہتری کے خواہشمند ہیں۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ سال متحدہ عرب اور پاکستان کے لیے بڑی اہمیت اختیار کرگیا ہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہمارے جو سفارتی تعلقات اور مثالی دوستی ہے، اس کے 50 سال مکمل ہورہے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے لیے یہ بہت قیمتی سال ہے۔
انہوں نے کہا کہ 50 برس قبل پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ تعلقات کی بنیاد رکھی گئی تھی اور شیخ زاید نے پاکستان کے ساتھ جس گرمجوشی کی بنیاد رکھی ہم اسے آگے بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور مجھے اُمید ہے کل بروز پیر کو جب اماراتی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوگی تو اس میں بھی مجھے مزید بہتری کے روشن امکانات نظر آرہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ آج میں نے دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان کے پویلین کا ملاحظہ کیا، اسے جس طریقے سے تیار کیا گیا اور جو سہولیات فراہم کی گئی ہیں وہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری خواہش ہے اور میں یہ منصوبہ بندی کررہا ہوں کہ جب رواں برس اکتوبر میں ایکسپو لانچ ہوگا تو میں یہاں ایک خصوصی ایونٹ آرگنائز کرنا چاہوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ میں ہمارا سفارتخانہ اپنا کردار ادا کرے گا اور پاکستان کے ‘چھپے خزانے’ کو پیش کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ میری خواہش ہے کہ یو اے ای میں ہماری پروفیشنل کمیونٹی اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے تاکہ وہ پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کی کوشش کریں اور اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میری اماراتی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوگی تو میری یہ بھی خواہش ہوگی کہ اس 50 سالہ دوستی کے سفر کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی سرگرمیاں کی جائیں جس سے دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گزشتہ روز 3 روزہ سرکاری دورے پر دبئی پہنچے تھے۔
شاہ محمود قریشی اپنے دورے کے دوران اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النیہان اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
وہ اپنے دورے کے دوران اوورسیز پاکستانیوں اور مقامی و بین الاقوامی میڈیا سے بھی بات چیت کریں گے۔