بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ہماری بیٹیاں ہی ہمارا مستقبل ہیں۔
شاہ رخ خان کے ایک مداح نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ایکس‘ پر فلم’جوان‘ دیکھنے کے بعد اپنی بیٹی کی بنائی ہوئی ایک پینٹگ کی تصویر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فلم ’جوان‘ دیکھنے کے بعد میری 11 سالہ بیٹی سیدھی اپنے کمرے میں گئی اور دو گھنٹے کے بعد یہ پینٹنگ بنا کر لائی۔ اس کا کہنا ہے کہ اسے فلم کا کردار وکرم راٹھور بہت پسند آیا اور اس پینٹنگ میں اس نے گلابی رنگ اس لیے بھرا ہے کیونکہ اس کے خیال میں فلم ’جوان‘ لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے بارے میں ہے۔
شاہ رخ خان نے اپنے مداح کی اس پوسٹ پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی بیٹی بالکل ٹھیک سمجھی ہے فلم ’جوان‘ واقعی لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے بارے میں ہے اور وکرم راٹھور بھی اس بات سے متفق ہے‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ ہماری بیٹیاں ہمارا مستقبل ہیں، اپنی بیٹی کو میرا پیار اور دعائیں دیجئے گا۔
واضح رہے کہ فلم’جوان‘ میں شاہ رخ خان کے کردار کا نام ’وکرم راٹھور‘ ہے۔
ایٹلی کی ہدایتکاری میں بننے والی شاہ رخ خان کی ایکشن سے بھرپور فلم’جوان‘ نے ریلیز کے بعد صرف 7 دنوں میں تقریباََ 700 کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے۔