پاکستانی اداکارہ ہمائمہ ملک، علی ظفر اور فہد مصطفیٰ، پاکستان فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ انجمن کےمداح نکلے۔
حال ہی میں فلم اسٹار انجمن کی فنی خدمات کے اعتراف میں لکس کی جانب سے انہیں لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
ایوارڈ شو میں اداکارہ انجمن کے فلمی گیت پر ہمائمہ ملک نے زبردست پرفارمنس پیش کرکے انہیں ٹریبیوٹ پیش کیا گیا۔
ایوارڈ شو کی ریہرسل کے دوران جب اداکارہ ہمائمہ ملک اور گلوکار علی ظفر نے فلم اسٹار انجمن کو دیکھا تو دونوں فنکار ملنے چلے آئے۔
علی ظفر نے فلم اسٹار انجمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈم انجمن نے مشکل دور میں سخت محنت کرکے خود کو منوایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کے لیے میڈم انجمن ایک رول ماڈل ہیں، جس پر اداکارہ انجمن نے کہا کہ انہوں نے علی ظفر کے کام کو دیکھا ہے خاص طور پر وہ فلم طیفا انٹربل میں علی ظفر کی پرفارمنس سے بے حد متاثر ہیں، محنت ہمیشہ رنگ لاتی ہے۔
دوسری جانب ہمائمہ ملک بھی جب فلم اسٹار انجمن کو زندگی میں پہلی بار ملیں تو گفتگو میں کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں پاکستان کی سب سے بڑی اسٹار کو ٹریبیوٹ پیش کررہی ہیں، کیونکہ انجمن نے پاکستان فلم اندسٹری پر راج کیا ہے۔
اداکارہ انجمن نے جواب میں کہا کہ ہمائمہ ملک ایک خوبصورت اداکارہ ہیں، فلم مولا جٹ میں ان کا کام دیکھ کر خوشی ہوئی۔
اداکار فہد مصطفی نے بھی اداکارہ انجمن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں میڈم انجمن سے زیادہ خوبصورت عورت نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ میں میڈم انجمن کا مداح ہوں، سلطان راہی ، مصطفی قریشی اور میڈم انجمن جیسی چند ہی شخصیات پاکستان فلم انڈسٹری کو ملی ہیں۔