بالی وڈ کی سدا بہار فلم ‘ہم ساتھ ساتھ ہیں’ کا جادو آج بھی ناصرف ماضی کے لوگوں بلکہ حالیہ نوجوان نسل پر بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے، یہ وہ فلم ہے جسے آج بھی اتنی شدت اور جوش کے ساتھ لوگ دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
اس فلم کو 5 نومبر 1999 میں ریلیز کیا گیا تھا جسے اب 24 سال کا عرصہ گزر چکا ہے، یہ فلم 1999 اور 2000 کی سپر ہٹ فلم ثابت ہوئی تھی۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ فلم کے جو کردار آپ کو نظر آئے ان کے لیے پہلے کچھ اور اداکاروں سے رابطہ کیا گیا تھا، جیسے کہ فلم میں ‘ڈاکٹر پریتی’ کا کردار اداکارہ سونالی بیندرے نے نبھایا۔
سلمان خان کی ہیروئن سونالی کی جگہ پریتی کے کردار کے لیے پہلے روینہ ٹنڈن سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اس پیشکش کو قبول نہ کیا اور پھر یہ کردار ہمیشہ کے لیے سونالی بیندرے کے نام سے منسوب ہوا۔
مادھوری کو فلم میں کس کردار کی پیشکش کی گئی؟
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 90 کی دہائی میں اس فلم کے ڈائریکٹر سورج برجاتیا کی پسندیدہ ہیروئن مادھوری ڈکشت ہوا کرتی تھیں، مادھوری نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ جب اس فلم کے لیے کاسٹنگ کی جارہی تھی تو ڈائریکٹر نے ان سے رابطہ کیا۔
مادھوری کے مطابق اس وقت سورج برجاتیا کنفیوز تھے کہ مادھوری کو کس کردار کے لیے کاسٹ کیا جائے، بعدازاں اداکارہ کو فلم میں سب سے بڑی بہو ‘سادھنا شرما’ کا کردار پیش ہوا جسے بعدازاں اداکارہ تبسم فاطمہ ہاشمی (تبو) نے نبھایا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے یہ کردار اداکار سلمان خان کی وجہ سے نہیں کیا کیونکہ انہوں نے 1994 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم ‘ہم آپ کے ہیں کون’ میں سلمان کی ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا لہٰذا وہ نہیں چاہتی تھیں کہ مداح انہیں سلمان کے ساتھ بھابھی اور دیور کے کردار میں دیکھیں۔