جہاں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلے کے خوف کے باعث لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی جارہی ہے وہیں کچھ افراد اب بھی ایسے ہیں جو غیر ضروری گھروں سے باہر بھی جارہے ہیں اور تقریبات بھی منعقد کررہے ہیں۔
وہ افراد جو اب بھی کورونا کو سنجدیگی سے نہیں لے رہے ان کے لیے اداکار احمد علی بٹ نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے ان لوگوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنی ویڈیو میں احمد علی اکبر نے کہا کہ ’ہم نے 6 روز سے خود کو گھر میں بند کیا ہوا ہے اور قرنطینہ میں ہیں، لیکن ابھی بھی کچھ لوگ ایسے ہیں جو باہر جارہے ہیں، شادیوں میں شرکت کررہے ہیں اور خود کو بہت ہوشیار سمجھ رہے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ لوگوں کی وجہ سے ہم سب متاثر ہورہے ہیں، اس لیے برائے مہربانی خود کو الگ تھلگ رکھیں اور کوشش کریں کہ گھر میں بیٹھ کر کچھ نہیں تو نماز ہی پڑھ لیں، آپ کو مدد ملے گی‘۔
اداکار نے اپنی ویڈیو میں ایسے افراد کو گھر بیٹھ کر کیا کرنا چاہیے اس پر بھی مزاحیہ انداز میں مشورہ دیا۔
انہوں نے محفوظ رہنے اور ہاتھ دھوتے رہنے کا پیغام بھی دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سیعد مراد علی شاہ نے عوام کو اگلے 3 دن مکمل طور پر آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی تھی۔
خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں کورونا وائرس کی ابتدا چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے ہوئی تھی جس کے بعد یہ دنیا بھر میں پھیل گیا اور اس وقت اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر یورپ، امریکا اور ایران ہیں جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ متاثرین اور ہلاکتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
دنیا بھر میں ہفتہ کی شام تک 2 لاکھ 80 ہزار سے زاید افراد متاثر اور 11 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے تھے جبکہ 90 ہزار سے زائد صحتیاب بھی ہوئے تھے۔
ملک میں آج (بروز ہفتہ) تصدیق ہونے والے کیسز میں صوبہ سندھ سے 105، پنجاب سے 41، بلوچستان سے 12، خیبرپختونخوا سے 4 جبکہ گلگت بلستان سے 9 نئے کیسز شامل ہیں۔
اس طرح اگر ملک بھر میں متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو اب تک یہ 666 ہوگئی ہے، جس میں سندھ کے 357، پنجاب کے 137، بلوچستان کے 104، خیبرپختونخوا کے 27، اسلام آباد کے 10، گلگت بلتستان میں 30 اور ایک آزاد کشمیر کا ایک کیس شامل ہے۔