لاہور: پنجاب کابینہ نے زرعی اراضی کے سوا نیشنل ہائی ویز، صوبائی ہائی ویز اور موٹرویز کے اطراف میں ریسٹ ایریا کے باہر علاقوں کو پراپرٹی ٹیکس نیٹ میں لانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز ایکٹ میں ترامیم اور دوبارہ نفاذ کی منظوری دی گئی، ترمیم کے بعد ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کمیٹیوں کی طرز پر تحصیل کمیٹیاں بھی بنیں گی۔
وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عشاق اعوان نے بریفنگ میں بتایا کہ کابینہ نے چلڈرن اسپتال اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ لاہور کو یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کا درجہ دے دیا، لاہور میں یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کے زیر انتظام 3 اسکول قائم کیے جائیں گے، یکم جنوری 2021 سے بی اے اور ایم اے پروگرام ختم ہو جائیں گے جب کہ ڈگری کالج کا نام تبدیل کرکے ایسوسی ایٹ ڈگری کالج، پوسٹ گریجوایٹ کالج کا نام گریجویٹ کالج رکھا جائے گا اور ایم فل کے لیے پوسٹ گریجویٹ کالج ہوگا۔
فردوس عاشق اعوان کے مطابق کابینہ نے پنجاب موٹروہیکلزٹرانزیکشن لائسنسز رولز 2015میں ترمیم کی بھی منظورئ دی جس کے تحت 10 سال سے زائد تجربہ رکھنے والے غیر مجاز کار ڈیلر سے مجاز ڈیلر کے برابر سیکورٹی فیس لی جائے گی اور 10سال سے کم تجربے پر غیر مجاز موٹر کار ڈیلرسے دو گنا فیس لی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل، صوبائی ہائی ویز اور موٹرویز کے اطراف ریسٹ ایریا کے باہر علاقوں کوپراپرٹی ٹیکس کے نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ کابینہ نے سیالکوٹ میں محکمہ اوقاف کی 28 کنال اراضی آرمی کو دینے کی منظوری بھی دی۔