گوگل پکسل 6 سیریز توقع سے پہلے متعارف کرائے جانے کا امکان

گوگل پکسل 6 سیریز توقع سے پہلے متعارف کرائے جانے کا امکان


گوگل نے اگست 2021 میں تصدیق کی تھی کہ جلد پکسل 6 اور پکسل 6 پرو کو پیش کیا جائے گا مگر کسی تاریخ یا مہینے کے بارے میں نہیں بتایا تھا۔

عموماً پکسل سیریز کے فونز اکتوبر میں متعارف کرائے جاتے ہیں اور پکسل 6 سیریز کے بارے میں بھی یہی خیال کیا جارہا تھا۔

مگر ایک نئی لیک میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گوگل کی جانب سے پکسل 6 اور 6 پرو کو توقع سے بہت پہلے متعارف کرایا جارہا ہے۔

اس لیک کے مطابق پکسل 6 سیریز کے فونز 13 ستمبر کو پیش کیے جائیں گے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو گوگل کا ایونٹ ایپل کے نئے آئی فونز سے ایک دن پہلے ہوگا۔

اس سال گوگل کے نئے فونز کا انتظار کافی شدت سے کیا جارہا ہے جس کی وجہ ڈیوائسز کا نیا ڈیزائن اور کمپنی کا اپنا تیار کردہ ٹینسر پراسیسر ہے۔

یہ نیا پراسیسر اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا جبکہ فونز کے کیمرا سیٹ اپ میں ایک نیا کیمرا اور ایک ٹیلی فوٹو لینس موجود ہوگا جو 5 ایکس آپٹیکل زوم کی سہولت فراہم کرے گا۔

اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ہر سال نئے پکسل فونز ہی اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو متعارف کرانے کا ذریعہ بھی ہوتے ہیں تو اس بار اینڈرائیڈ 12 پکسل 6 سیریز کا حصہ ہوگا۔

گوگل کے ان نئے فونز میں سام سنگ کا 5 جی موڈیم استعمال کیا جائے گا اور اس طرح جنوبی کورین کمپنی پہلی بار اس شعبے کے لیے امریکی مارکیٹ میں بھی قدم رکھے گی، جہاں ابھی کوالکوم کا غلبہ ہے۔

گوگل کے نئے پراسیسر ٹینسر کو بھی سام سنگ ہی تیار کررہی ہے۔

اس سے قبل لیکس میں پکسل سیریز کے نئے فونز کی بیشتر تفصیلات بھی سامنے آچکی ہیں۔

اس بار کے فونز میں سابقہ ماڈلز کے مقابلے میں ایک نمایاں بہتری بیٹری کے حجم میں آئے گی۔

پکسل 6 میں 4614 ایم اے ایچ جبکہ پرو ماڈل میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری دیئے جانے کا امکان ہے۔

گوگل پکسل 6 میں 6.4 انچ کا امولیڈ ڈسپلے ہوگا جبکہ بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہوگا جو 50 میگا پکسل مین اور 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمروں پر مشتمل ہوگا۔

8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن پکسل 6 کا حصہ ہوں گے۔

اس کے مقابلے میں پکسل 6 پرو میں 6.71 انچ کا بڑا ڈسپلے ہوگا جس کے فرنٹ پر 12 میگا پکسل کیمرا ہوگا۔

بیک پر 50 میگا پکسل مین، 48 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمروں پر مشتمل سیٹ اپ ہوگا۔

فون کے اندر 12 جی بی ریم ہوگی جبکہ 128، 256 اور 512 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے جائیں گے۔

دونوں فونز اینڈرائیڈ 12 سے لیس اولین فونز بھی ہوں گے اور گوگل نے وعدہ کیا ہے کہ کم از کم 5 سال تک سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کی جائیں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں