گلوکار سلمان احمد بھی ‘کورونا وائرس کا شکار’ ہوگئے


امریکا کے شہر نیو یارک میں موجود مشہور پاکستانی گلوکار سلمان احمد نے کہا ہے کہ وہ بھی ممکنہ طور پر  کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

اس وقت امریکا کورونا کے مریضوں کی تعداد کے لحاظ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جب کہ صرف نیو یارک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔

سلمان احمد کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر پہلے ہی اپنے گھر میں  خود ساختہ تنہائی (آئسولیشن) اختیار کرچکے ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سلمان احمد کا کہنا تھاکہ ‘ایک بری خبر ہے اور وہ یہ ہے کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ میں مکمنہ طور پر کورونا وائرس کا شکار ہوگیا ہوں، اس حوالے سے جلد ٹیسٹ کرواؤں گا’۔

سلمان احمد نے علامات کی ذکر کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ” اچھی خبر یہ ہے کہ مجھ میں ہلکے فلو جیسی علامات  ہیں، اس لیے میں نے نیو یارک میں خود ساختہ تنہائی اختیار کرلی ہے’۔

گلوکار کا کہنا  تھاکہ وہ پابندی کے ساتھ اپنے ہاتھ دھو رہے ہیں ، بھاپ لے رہے ہیں اور گرم مشروبات پی رہے ہیں۔

سلمان احمد نے اپنے دوستوں اور مداحوں کی جانب سے ان کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات پر شکریہ بھی ادا کیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں