لاہور:
کمشیر پریمیئر لیگ میں مظفر آباد ٹائیگرز نے باغ اسٹالینز کیخلاف رنز کا پہاڑ سر کرلیا جب کہ انور علی اور وسیم جونیئر نے جارحانہ بیٹنگ سے فتح چھین لی۔مظفر آباد میں گذشتہ روزپہلے میچ میں 214رنز کے ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مظفر آباد ٹائیگرز کا آغاز اچھا نہ تھا،ملک نثار(4) اور ذیشان اشرف(21)رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، صہیب مقصود کی جارحانہ بیٹنگ نے مجموعہ74تک پہنچایا، محمد حفیظ(1)رن بنا سکے،صہیب نے59رنزکی اننگز کھیلیی،سہیل اختر26اور سہیل تنویر16رنز بنا کر رخصت ہوئے،آخری 4اوورز میں 46رنز درکار تھے،انور علی نے 19گیندوں پر 43اور محمد وسیم نے 9بالزپر31رنز جڑتے ہوئے ہدف 8 بالز قبل ہی ممکن بنا دیا، عمید آصف اور عامر سہیل نے 2،2شکار کیے۔
قبل ازیں باغ اسٹالینز نے 4وکٹ پر 213کا مجموعہ حاصل کیا،کپتان شان مسعود اچھی فارم میں نظر آئے، ذیشان ملک اور روحیل نذیر 10،10رنز بنانے کے بعد جبکہ اسد شفیق بغیر کھاتہ کھولے ساتھ چھوڑ گئے،شان (65)کی رخصتی کے بعد افتخار احمد نے38گیندوں پر 86اور عامر یامین نے 21 بالز پر 41رنز جڑ کر ٹوٹل 4وکٹ پر 213تک پہنچایا، محمد حفیظ نے 2وکٹیں لیں۔
دوسرے میچ میں راولا کوٹ ہاکس نے 9وکٹ پر 145کا مجموعہ حاصل کیا، عمرامین نے54کی اننگز کھیلی،حسین طلعت23اور صاحبزادہ فرحان21رنز بنانے میں کامیاب رہے، عباس آفریدی نے صرف 18رنز دے کر5شکار کیے،سہیل خان نے 3وکٹیں اڑائیں۔
جواب میں اوورسیز واریئرز نے 13.1اوورز میں 3وکٹ پر 133رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی،ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ پر ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم 7وکٹ سے فاتح قرار پائی،ناصر نواز نے 56رنز بنائے، نوید ملک نے 45رنزکی اننگز کھیلی، آصف آفریدی نے 2وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ بدھ کی رات سپر اوور میں میر پور رائلز نے کوٹلی لائنز کو ہرا دیا تھا،212کے ہدف کا تعاقب کرنے والی ناکام سائیڈ کے احسن علی نے 99رنز بنائے۔