کورونا وائرس؛ کنیکا کپورپرعوام کی زندگیوں کوخطرے میں ڈالنے کا مقدمہ درج


ممبئی: بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپورپرکورونا وائرس کی تصدیق سے متعلق چھپانے سمیت عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی گلوکارہ کنیکا کپورجن کے کورونا وائرس کے شکارہونے کی تصدیق کردی گئی تھی، اب ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جس میں ان پرغفلت برتنے، خطرناک بیماری چھپانے اورعوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنیکا کپور11 مارچ کوممبئی سے لکھنؤ پہنچیں جہاں وہ اس سے ایک روز قبل ہی لندن سے بھارت پہنچی تھیں تاہم اس کے بعد گلوکارہ نے متعدد لوگوں سے ملاقاتوں سمیت کئی تقریبات میں بھی شرکت کی جب کہ گلوکارہ کویہ علم تھا کہ لندن سے واپسی پرانہیں قرنطینہ میں رہنا تھا۔

پولیس نے کنیکا کپورکے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے خلاف ان الزامات کے تحت مزید دو مقدمے بھی درج کر لیے گئے ہیں۔

گلوکارہ کنیکا کپورنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصدیق کی ہے کہ ان کا لکھنو میں کوویڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ گلوکارہ نے مزید بتایا  تھاکہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر والوں کے ساتھ مکمل طورپرقرنطینہ کرلیا  تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں