کورونا وائرس؛ فنکاروں کی حکومت سے غریب طبقے کا خیال رکھنے کی درخواست


کراچی: پوری دنیا میں دہشت پھیلانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی پنجے گاڑ لیے ہیں اور اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 600 کے قریب ہوگئی ہے۔

صورتحال اتنی تشویشناک اور گمبھیر ہوچکی ہے کہ فنکار بھی میدان میں آگئے ہیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں بلکہ وزیراعظم سے درخواست کرتے ہوئے اس صورتحال سے نمٹنے کے مشورے بھی دے رہے ہیں۔

علی ظفر

گلوکارواداکار علی ظفر نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں پیداہونے والی صورتحال کے حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے حکومت سے ملک میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن کرنے کی درخواست کی ہے۔ تاہم ایک طرف جہاں لوگوں کی حفاظت کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی تجویز پیش کی جارہی ہے وہیں روزانہ اجرت پر کام کرنے والا مزدور طبقہ اس لاک ڈاؤن کے باعث شدید متاثر ہوگا۔ اس حوالے سے علی ظفر نے تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت، پاک افواج اور ہم لوگوں کو مل کر ایسی منصوبہ بندی کرنی ہے کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والے غریب طبقے کو گھر بیٹھے راشن پہنچایا جائے تاکہ وہ لوگ اس صورتحال میں گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

فخرعالم

میزبان فخرعالم نے اپنے ویڈیو پیغام میں ملک میں لاک ڈاؤن جیسی صورتحال کے نتیجے میں متاثر ہونے والے غریب طبقے کے حوالے سے حکومت کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب جس طرح آپ نے شیلٹرہوم بنائے تھے اسی طرح اب راشن ڈپو بنانے کی ضرورت ہے جنہیں ان علاقوں میں بنایا جائے جہاں غریب طبقہ زیادہ تعداد میں رہتا ہےاور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ راشن غریب عوام میں تقسیم ہو۔

جواد احمد

پاکستان کے مایا ناز گلوکار جواد احمد نے بھی اس حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کورونا کے حوالے سے وزیراعظم کی تقریر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو اپنی تقریر میں روازنہ اجرت پر کام کرنے والے دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے بات کرنی چاہئے تھی کہ ان کا کیا بنے گا ریاست اس طبقے کے لیے کیا کررہی ہے۔

جواد احمد نے عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ملک میں ایمرجنسی نافذ کریں اور ملک میں موجود اشرافیہ پر بھاری ٹیکس عائد کریں اور ان سے مراعات واپس لے کر غریب طبقے پر لگائیں۔ جواد احمد نے کہا وزیراعظم صاحب پاکستان میں بہت غریب لوگ ہیں لہٰذا آپ ان کا یہ کہہ کر مذاق نہ اڑائیں کہ گھبرانا نہیں ہے کیونکہ ان لوگوں کو گھبرانا پڑے گا۔

اداکارہ ثنا فخر

ماضی کی نامور اداکارہ ثنا فخر نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ان تمام لوگوں کے لیے سخت ایکشن لینے کی درخواست کی ہے جنہوں نے ملک میں جاری اس تشویشناک صورتحال میں ماسک اور سینی ٹائزر مہنگے کردئیے ہیں یا زخیرہ اندوزی کرکے بلیک میں بیچ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا میری وزیراعظم سے درخواست ہے کہ ماسک اور سینی ٹائزر کو لوگوں میں مفت تقسیم کیا جائے کیونکہ بہت سارے لوگ ان چیزوں کو خریدنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

ماہرہ خان

اداکارہ ماہرہ خان نے بھی گزشتہ روز کورونا وائرس کے حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کورونا وائرس کے بہت بڑے بحران سے گزررہی ہے لہٰذا یہ ضروری ہے کہ جتنا ہوسکے گھر میں رہیں کیونکہ بہت سارے ایسے لوگ ہیں جو گھر میں نہیں رہ سکتے ان کے لیے گھر میں رہیں۔

اس کے ساتھ ہی ماہرہ خان نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہاتھوں کو باقاعدگی سے دھوئیں اور افراتفری نہ پھیلائیں۔ ماہرہ نے مزید کہا کہ یہ وقت ایک ذمہ دار شہری بننے کا اور ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا ہے انشااللہ ہم بہت جلد اس بحران سے باہر آئیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں