کورونا وائرس میں کس طرح خود کو صحت مند رکھاجائے، ندا یاسرکے مشورے


کراچی: مارننگ شو کی میزبان ندا اور ان کے شوہر یاسر نواز نےانسٹاگرام پر لائیوسیشن کے دوران چند تجاویز اور دیسی ٹوٹکے شیئر کیے ہیں جنہیں استعمال کرکے کورونا وائرس ہونے کی صورت میں خود کو صحت مند رکھا جا سکتا ہے۔

ندا یاسر ، یاسر نواز اور ان کی بیٹی تینوں ہی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور گزشتہ 13 دنوں سے اپنے گھر میں خوداختیار کردہ تنہائی یعنی قرنطینہ میں وقت گزار رہے ہیں۔ لیکن اس دوران ندا اور یاسر لوگوں سے دور نہیں ہیں بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی صحت اور سرگرمیوں  کے حوالے سے آگاہ رکھ رہے ہیں۔

ندا اور یاسر نے دو روز قبل قرنطینہ کے دوران اپنی شادی کی 18 ویں سالگرہ منائی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی یاد گار شادی کی سالگرہ ہے۔

اسی دن  دونوں نے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کے دوران اپنے پرستاروں کو نہ صرف اپنی سرگرمیوں سے آگا ہ کیا بلکہ کورونا وائرس ہونے کی صورت میں خود کو صحت مند رکھنے کی ٹپس بھی بتائیں۔

ندا اور یاسر نے بتایا کہ انہوں نے قرنطینہ کے دوران ایئر کنڈیشن کا استعمال کم کردیا ہے۔ وہ دونوں اپنی صحت کی بہتری کے لیے کلونجی، وٹامن سی کی گولیاں کھارہے ہیں، زنک لے رہے ہیں، ہربل چائے، دارچینی، ادرک کی چائے اور لیموں پانی پی رہے ہیں اور جتنے بھی دیسی ٹوٹکے ہیں ہم نے وہ سب استعمال کیے۔

ندا نے مزید کہا کہ وہ اس حوالے سے مزید چیزیں اپنے مارننگ شو میں بھی شیئر کریں گی کہ کوروناہونے کی صورت میں کیا کیا استعمال کرنا چاہئے اور کس طرح اپنا خیال رکھنا چاہئے۔

لائیو سیشن کے دوران ندا اور یاسر نے اپنے پڑوسیوں کا شکریہ بھی ادا کیا جو ان کا خیال رکھ رہے ہیں اور ان کے لیے چیزیں بھجواتے رہتے ہیں۔ ایک صارف نے یاسر نواز سے پوچھا آپ دن بدن بہت اسٹائلش ہوتے جارہے ہیں تو اس کا جواب دیتے ہوئے یاسر نے کہا کہ میں ارطغرل دیکھ دیکھ کر ارطغرل ہوتا جارہا ہوں۔

ویڈیو میں ندا نے بتایا کہ وہ اپنا قرنطینہ کا وقت ترک ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ دیکھ کر گزار رہی ہیں جس کی وجہ سے ان کا وقت بے حد اچھا گزرا۔


اپنا تبصرہ لکھیں