نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کے بعد ہولی کی تقریبات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ دنیا بھر کے ماہرین نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے عوامی اجتماعات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے چنانچہ اس سال میں نے بھی ہولی کے کسی پروگرام میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ نریندر مودی نے یہ فیصلہ اس میٹنگ کے بعد کیا جب انہوں نے منگل کے روز ملک میں کورونا وائرس سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کی تھی، اس کے بعد بھارتی وزیراعظم نے عوام سے خوفزدہ نہ ہونے کی اپیل کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم مودی نے بھارتی شہریوں کو مل کر کام کرنے اور اپنی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا کہا تھا۔
واضح رہےکہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 28 ہوگئی ہے جن میں وائرس سے مبتلا کیرالا کے تین شہریوں کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔