کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے بعد مطاف کھول دیا گیا


دنیا میں پھیلنے والے مہلک کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کے بعد سعودی حکومت نے مطاف کو کھول دیا۔

سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے باعث حرم شریف میں مطاف کے حصے میں طواف کا سلسلہ عارضی طور پر روکا گیا تھا۔

تاہم اب سعودی عرب کی حکومت نے خانہ کعبہ کو عمرہ زائرین کے سوا باقی تمام مسلمانوں کے طواف کے لیے کھول دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مطاف کی صفائی اور کورونا وائرس سے حفاظت کے لیے اختیار کردہ تدابیر کے پیش نظر مطاف کو خالی کرانے کے بعد آج ہفتے کو علی الصبح طواف کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔

حرمین شریفین کی جنرل پریزیڈنسی کے سربراہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے ایک بیان میں کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے غیر معتمرین کے علاوہ دیگر تمام زائرین کے لیے خانہ کعبہ کے مطاف کو کھولنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

سربراہ نے  مسجد الحرام میں آنے والے نمازیوں اور انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حکومت کی طرف سے اختیار کردہ حفاظتی اقدامات کی پابندی لازمی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے نمازیوں کی حفاظت، مقامی شہریوں اور مملکت میں مقیم مسلمانوں کی جانوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

حرمین شریفین کے آئمہ اکرام نے بھی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کی وجہ سے عمرہ کی ادائیگی پر عارضی پابندی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے شرعی اصولوں کے عین مطابق قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب حکومت کورونا وائرس کے اب تک 5 کیسز کی تصدیق کر چکی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں