کورونا وائرس: دنیا میں متاثرین 5 لاکھ 75 ہزار سے زائد، اموات 26 ہزار سے تجاوز کرگئیں


دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے اموات کا سلسلہ جاری ہے اور آج (جمعہ کے روز) یورپی ملک اٹلی میں سب سے زیادہ 969 اموات ریکارڈ ہوئیں، اس کے علاوہ اسپین میں 769 اموات ہوئیں جس سے عالمی سطح پر وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 26 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

عالمی سطح پر نوول کورونا وائرس کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق جمعہ کی رات 12 بجے تک دنیا میں وائرس کا شکار ہو کر فوت ہونے والے افراد کی تعداد 26 ہزار 819 تک پہنچ چکی تھی۔

ویب سائٹ کے مطابق متاثرین کی تعداد 5 لاکھ 76 ہزار 895 تک پہنچ چکی تھی جبکہ ایک لاکھ 28 ہزار سے زائد افراد صحتیاب بھی ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں اٹلی 9 ہزار 134 اموات کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ ملک تھا جس کے بعد اسپین میں 4 ہزار 934 اموات، چین 3 ہزار 174 اموات اور ایران 2 ہزار 378 اموات کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا۔

ان ممالک علاوہ یورپ کے ایک اور ملک فرانس میں ایک ہزار 696 اموات، برطانیہ میں یہ تعداد 759 تک پہنچ چکی تھی، نیدرلینڈ میں 546 اموات تھیں جبکہ امریکا میں 365 افراد موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔

وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک کی بات کی جائے تو امریکا اس وقت سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں 94 ہزار 238 افراد متاثر ہوئے، اس کے بعد اٹلی 86 ہزار 498، چین 81 ہزار 897، اسپین 64 ہزار 59 جرمنی 49 ہزار 344، ایران 32 ہزار 332، فرانس 29 ہزار 593 جبکہ برطانیہ میں 14 ہزار 735 افراد متاثر ہوئے۔

اٹلی میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 969 اموات

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جمعے کے روز پورپی ملک اٹلی میں ایک روز میں اب تک کی سب سے زیادہ 969 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد وہاں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار 134 تک پہنچ گئی۔

خیال رہے کہ جمعے کے روز تک اٹلی میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 86 ہزار 498 تک پہنچ چکی تھی اور یہ دنیا میں متاثرین کی تعداد کے حساب سے دوسرے نمبر تھا۔

رپورٹ کے مطابق دنیا میں اس وقت 5 لاکھ 75 ہزار سے زائد متاثرین ہیں جن میں سے صرف یورپ میں 3 لاکھ سے زائد متاثرین موجود ہیں۔

اس کے علاوہ یورپ میں سب سے زیادہ 23 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ دنیا بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 26 ہزار سے زائد ہے۔

ترک صدر کا عوام سے رضاکارانہ طور پر قرنطینہ کرنے کا مطالبہ

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر 8 کروڑ شہریوں کو رضاکارانہ طور پر قرنطینہ میں منتقل ہونے پر زور دیا ہے۔

ملک میں 92 اموات کی تصدیق ہونے کے بعد انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر ضروری طور پر اور انتہائی ہنگامی صورت حال کے علاوہ گھروں سے باہر نہ آئیں۔

اس کے ساتھ ہی ترک صدر نے تمام بین الاقوامی پروازوں کی معطلی کا اعلان کیا اور ملک کے 30 بڑے شہروں میں وبا سے نمٹنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دینے اور اضافی حفاظتی اقدامات کرنے پر بھی زور دیا جہاں ان کی ضرورت ہو۔

خیال رہے کہ ملک میں اس وقت وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 600 سے تجاوز کرچکی ہے۔

امریکا میں ڈیموکریٹ رکن بھی کورونا وائرس کا شکار

امریکا کی ریاست ساؤتھ کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے امریکی نمائندے جیو کننگم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے ایک جاری بیان میں کہا کہ ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ ان میں کورونا وائرس کی علامات پہلے ہی بہتر ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

جیو کننگم کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود کو 19 مارچ سے قرنطینہ میں منتقل کررکھا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب تک اموات کی تعداد 366 تک پہنچ چکی تھی جبکہ متاثرین کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ امریکا میں 97 ہزار 28 تھی۔

آئرلینڈ میں متاثرین کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی

ادھر ائرلینڈ کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 2 ہزار 121 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 3 ہزار افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے مطابق ملک میں وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے صحت کے مراکز کی تعداد بڑھا پر 22 کردی گئی ہے۔

فرانس میں مزید 299 اموات

الجزیرہ ہی کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی حکام نے بتایا کہ فرانس میں مزید 299 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 995 تک پہنچ چکی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فرانس میں آج ہونے والی اموات کے مطابق 18 فیصد اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ روز کے مقابلے میں معمولی کم ہے۔

اس کے علاوہ ملک میں متاثرین کی تعداد 29 ہزار 155 سے بڑھ کر 32 ہزار 964 تک پہنچ گئی۔

زمبابوے میں پیر سے 21 روز کے لاک ڈاؤن کا اعلان

زمبابوے کے صدر ایمرسن مننگاگوا نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر پیر سے 21 روز کے لاک ڈاؤن اعلان کردیا ہے۔

ان کے مطابق ملک میں صرف سرکاری ملازمین اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو لاک ڈاؤن میں استثنیٰ حاصل ہوگی۔

واضح رہے کہ زمبابوے میں اس وقت تک کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 ہے جس میں سے ایک شخص ہلاک بھی ہوچکا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں