کورونا وائرس: برطانیہ لاک ڈاؤن، اٹلی میں 6 ہزار اور امریکا میں 500 ہلاکتیں


دنیا بھر میں کورونا وائرس سے تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ نئی کیسز سامنے آنے کے بعد برطانیہ میں بھی لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔

برطانیہ

گزشتہ شب برطانوی وزیراعظم بورس جونسن نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔

برطانیہ میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب مجموعی تعداد 6650 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 335 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

اٹلی

کورونا وائرس سے چین کے بعد اٹلی پر پنجے گاڑھ لیے ہیں جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ اموات میں اضافہ ہورہا ہے جس کی تعداد 6077 ہوچکی ہے جو چین سے بھی زیادہ ہے۔

اٹلی میں اب تک 63 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

اٹلی کے انفیشئس ٖڈیزیز یونٹ کے سربراہ ماسیمو گیلی کے مطابق اٹلی کے ریجن لامبارڈے میں وائرس سے شرح اموات 68 فیصد ہے۔

چین

چین میں کورونا وائرس کو قابو کرنے کے بعد اس سے مزید بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔

چینی دارالحکومت بیجنگ میں بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کے لیے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں اور بیرون ملک سے بیجنگ آنے والوں کو کورونا کے ٹیسٹ کے ساتھ 14 روز کا قرنطینہ بھی مکمل کرنا ہوگا۔

اسپین

اسپین میں بھی کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں جہاں پیر کے روز سب سے زیادہ 462 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 35 ہزار سے زائد ہے۔

فلپائن

فلپائن میں کورونا وائرس کے مزید 39 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ فلپائن میں اب تک وائرس سے 33 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

جنوبی کوریا

جنوبی کوریا میں عالمی وبا کے حملوں میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے جہاں صرف روزانہ کی بنیاد پر 100 کیسز رپورٹ کیے جارہے تھے اور اب 76 کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔

کوریا سینٹر برائے امراض بچاؤ اور تحفظ کے مطابق 2 نئے ہلاکتیں تصدیق ہونے کے بعد اموات کی کل تعداد 120 ہے جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 9037 تک جا چکی ہے۔

امریکا

امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے جہاں مزید 29 ہلاکتوں کے بعد اموات کی تعداد 582 ہوگئی ہے جب کہ 2411 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 46 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

امریکا کی ریاست اوہائیو اور لوزیانا کو بند کرکے شہریوں سے گھروں میں ہرنے کی اپیل کی گئی۔

امریکی ریاست نیویارک میں صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے جہاں میئر نیویارک نے آئندہ دس روز میں طبی سہولیات کی قلت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہےکہ اگر مزید وینٹی لیٹر نہ ملے تو مزید لوگ مرنا شروع ہوجائیں گے۔

تھائی لینڈ

24 گھنٹوں کے دوران تھائی لینڈ سے 2 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے جب 106 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی تعداد 827 ہوگئی ہے۔

آسٹریلیا

آسٹریلیا کی مشہور نیو ساؤتھ ویلزریاست میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جہاں مزید 149 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی تعداد 1886 ہوگئی ہے ان میں سے 7 افراد جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس دنیا کے 195 ملکوں تک پھیل چکا ہے جس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 16 ہزار 553 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جب کہ وبا سے متاثر ایک لاکھ سے زائد شفایاب بھی ہو چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں