کورونا: نیو یارک میں بدترین صورتحال، طبی سہولیات کی قلت کا خدشہ


امریکا میں کورونا وائرس سے صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے جس کے باعث نیویارک کے میئر نے آئندہ دس روز میں طبی سہولیات کی قلت سے خبردار کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا میں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ تقریباً 400 کے قریب افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکا میں نیویارک شہر اس وقت وبا کا مرکز سمجھا جارہا ہے جہاں ملک میں مجموعی کیسز کے نصف کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

نیویارک میں بھی صورتحال بدتر ہوتی جارہی ہے جہاں میئر نے خبردار کیا ہےکہ آئندہ 10 روز میں طبی سہولیات کی قلت پیدا ہوجائے گی جس سے شہر میں صورتحال انتہائی خراب ہوگی۔

نیویارک کے میئر بل ڈی بلیسیو نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت تقریباً 10 روز کی طبی سہولیات موجود ہیں، اگر ہمیں مزید وینٹی لیٹر نہ ملے تو لوگ مرنا شروع ہوجائیں گے۔

ریاست کے گورنر انڈریو کاؤمو نے بتایا کہ گزشتہ روز تقریباً 15 ہزار شہریوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے جو گزشتہ روز کی نسبت 4 ہزار زیادہ تھے۔

نیویارک کے میئر نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تمام امریکی شہری حقائق جاننے کے حق دار ہیں، صورتحال بدترین ہورہی ہے جب کہ اپریل اور مئی میں مزید بری صورتحال سے دوچار ہوں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے اس وقت دنیا بھر کے کورونا وائرس کے کیسز میں سے 5 فیصد شرح نیویارک کی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 14 ہزار سے زائد افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں