کورونا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر کے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کیا گیا جس سے کھیلوں کی سرگرمیاں بھی معطل ہوگئی تھیں لیکن اب کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انگلینڈ سے سیریز کیلئے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم اینٹیگا سے مانچسٹر کیلئے روانہ ہوگئی۔
تمام ویسٹ انڈین کرکٹرز کا روانگی سے قبل کیا گیا کورونا ٹیسٹ منفی آیا جب کہ چارٹرڈ طیارے سے مانچسٹر پہنچنے کے بعد کھلاڑیوں کا دوبارہ سے کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
ویسٹ انڈین ٹیم بائیو سیکیور ماحول میں انگلینڈ میں قیام کرے گی اور 14 روز کا قرنطینہ بھی اختیار کرے گی جب کہ اسکواڈ میں 14 رکنی مین ٹیم، 11 ریزرو پلیئرز اور 13 آفیشلز شامل ہیں۔
ادھر بھارت میں مقیم ٹیم مینجمنٹ کے دو اراکین سفری پابندیوں کی وجہ سے ویسٹ انڈیز اسکواڈ جوائن نہیں کر سکے ہیں۔
ویسٹ انڈیز ٹیم انگلینڈ میں تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی جہاں پہلا ٹیسٹ 8 جولائی سے ساؤتھمپٹن میں بغیر تماشائیوں کے کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائےگا۔
خیال رہے کہ پاکستان کو بھی اگست ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے اور وہاں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے، اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز کا دورہ انگلینڈ انتہائی اہم ہے اور اس سے کورونا کی موجودگی میں سیریز کے انعقاد کی تیاریوں کا اندازہ ہوجائے گا۔