معروف بھارتی کرکٹر و سابق کپتان ویرات کوہلی نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ اُنہیں ’کنگ‘ کہہ کر نہ پکارا جائے، اُنہیں اس لقب سے شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔
گزشتہ روز انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے ٹیم کی نئی جرسی کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں ویرات کوہلی بھی شریک ہوئے۔
ویرات کوہلی نے جنوبی اقریقا کے کھلاڑی فاف ڈوپلیسی کے ساتھ مل کر فرنچائز کی نئی جرسی لانچ کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس دوران ایم چنا سوامی اسٹیڈیم ویرات کوہلی کے مداحوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
اسٹیڈیم میں موجود کرکٹ شائقین سے بات کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے مداحوں پر زور دیتے ہوئے درخواست کی کہ مجھے مزید ’کنگ‘ کے نام سے نہ پکارا جائے، مجھے صرف ویرات کہیں، جب کنگ پکارا جاتا ہے تو مجھے شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔
اس دوران ویرات کوہلی سے سوال کیا گیا کہ بیٹے کی پیدائش کے بعد دوبارہ کرکٹ کے میدان میں آنے سے متعلق کیسا محسوس کر رہے ہیں؟
کوہلی نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ کرکٹ کے میدان میں واپس آنا بہت اچھا لگا ہے۔