کنسرٹ منسوخی پر سکھ گلوکار شوبھ کی وضاحت، سکھ معروف شخصیات کی حمایت

کنسرٹ منسوخی پر سکھ گلوکار شوبھ کی وضاحت، سکھ معروف شخصیات کی حمایت


بھارتی نژاد کینیڈین گلوکار شوبنیت سنگھ عرف شوبھ نے خالصتان کی حمایت کے سبب دورہ بھارت منسوخ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں مقیم پنجابی گلوکار شوبھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں بھارت میں پرفارم کرنے کے لئے بہت پُر جوش تھا، وہ میرا آبائی ملک ہے لیکن شاید اوپر والے کو کچھ اور ہی منظور تھا۔

انہوں نے پنجاب اور ہریانہ کے حوالے سے شیئر کی گئی اپنی انسٹا اسٹوری سے متعلق وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وہ اسٹوری صرف پنجاب کے لئے دعا مانگتے ہوئے کی تھی کیونکہ انہیں معلوم ہوا تھا کہ وہاں بجلی اور انٹرنیٹ کی سروس معطل کر دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ان کا کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا ارادہ نہیں تھا اور انہیں پنجابی ہونے پر فخر ہے کیونکہ پنجابی اپنے ملک کے لئے اپنی جان دینے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔

انہوں نے درخواست کی کہ تمام پنجابیوں کو غدار اور ملک مخالف سمجھنے سے گریز کیا جائے۔

یاد رہے کہ شوبھ کے اس تنازع کے بعد ویرات کوہلی سمیت کے ایل راہول اور ہاردک پانڈیا نے بھی انہیں انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا تھا۔

تاہم اب کینیڈین پنجابی گلوکار کی جانب سے وضاحت سامنے آنے کے بعد ساتھی گلوکار اے پی دھلون، سیاسی جماعت کانگریس اور سیاسی رہنما ہرسمت کور بادل نے پنجابی سکھ گلوکار کی حمایت میں سامنے آگئے۔

گلوکار اے پی دھلون نے شوبھ کا کنسرٹ منسوخ ہونے پر مایوسی کااظہار کیا اور اپنے پُرستاروں سے درخواست کی کہ محبت پھیلاؤ نفرت نہیں، نفرت پھیلانے والوں کے زیر اثر آنے سے خود کو محفوظ رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب ایک ہیں، ایسی کشمکش کی صورتحال میں آرٹسٹ کے لئے بہت مشکل ہوجاتا ہے کہ وہ سب چھوڑ کر اپنے کام کے حوالے سے سوچ سکے یا پرفارم کرسکے۔

اے پی دھلون کے مطابق انسان کی تخلیق کردہ سماجی تفریق کو یہ موقع فراہم نہ کہ یہ ہمیں آپس میں تقسیم کرسکے، کیونکہ پہلے ہی تقسیم نے ہمیں اس نہج پر پہنچا دیا ہے۔ کامیاب مستقبل کی کنجی صرف اتحاد میں ہے۔

سیاسی رہنما ہرسمت کور نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’گلوکار شوبھ ہم آپ کے ساتھ ہیں، آپ کو اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ آپ پنجاب اور بھارت کے قابل فخر فرزند ہیں۔ ہم وطنوں سے اپیل ہے کہ وہ شوبھ سمیت پنجاب کے حق میں آواز اُٹھانے والے دیگر لوگوں کو ملک دشمن قرار دینے کی سازشوں کا شکار نہ بنیں۔

سیاسی جماعت کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وارنگ نے بھی گلوکار شوبھ کی حمایت کی اور کہا کہ پنجاب کے حق میں آواز اُٹھانے والے نوجوانوں اور دیگر افراد کو ملک مخالف قرار دیئے جانے کی سخت مخالفت کرتے ہیں، ہم پنجابیوں کو کسی کو بھی وضاحت پیش کرنے کی ضرورت نہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں