لاہور: پی سی بی کی جانب سے کرکٹرز کو عید سے قبل عیدی دینے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ مصباح الحق کی مرتب کردہ فہرست کا حتمی جائزہ لینے کے بعد نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان آج کیا جائے گا، سابق کپتان سرفراز احمد کی اے کیٹیگری سے تنزلی متوقع جبکہ اظہر علی کوترقی ملے گی۔
ٹیسٹ کرکٹ سے دور وہاب ریاض کو بی سے سی کیٹیگری میں دھکیلا جاسکتا ہے، حسن علی اور عثمان شنواری کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کے نام زیر غور ہیں، شعیب ملک اور محمد حفیظ کو بدستور تنخواہ کے بغیر ہی گزارا کرنا ہوگا۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ این او سی ملنے کے باوجود رواں سال کھلاڑیوں کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت ممکن نظر نہیں آ رہی،انھیں آمدنی میں اضافے کا موقع نہیں ملے گا،ہم معاوضوں میں کٹوتی کے بجائے اضافے پر غور کر رہے ہیں، اس بار 19 یا 20 پلیئرز شامل ہوں گے، کیٹیگریز 3 ہی رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے 19 کرکٹرز کوگذشتہ برس سینٹرل کنٹریکٹ دیے تھے جو آئندہ ماہ ختم ہو جائیں گے، نئے معاہدوں کیلیے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے فہرست مرتب کرلی، چیف ایگزیکٹیو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکرخان سے مشاورت کا عمل منگل کو مکمل کرنے کے بعد ناموں کی حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی دیں گے، ان دنوں فارغ کرکٹرز کو نوٹوں کی گنتی میں مصروف رکھنے والے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان منگل کو ہی کردیا جائے گا۔
کھلاڑیوں کیلیے اچھی خبر یہ ہے کہ دیگر بورڈز تو کٹوتیاں کررہے ہیں لیکن پی سی بی نے تنخواہوں میں اضافے کا عندیہ دیا ہے، یاد رہے کہ اختتام کے قریب موجود سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں سرفراز احمد، بابر اعظم اور یاسر شاہ شامل ہیں، بی کیٹیگری کرکٹرز اظہر علی، اسد شفیق، حارث سہیل، امام الحق، محمد عباس، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض ہیں، سی کیٹیگری میں عابد علی، حسن علی، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عامر، محمد رضوان، شان مسعود اور عثمان شنواری کے نام موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق تینوں فارمیٹ میں قیادت سے ہاتھ دھونے کے ساتھ کسی ٹیم میں بھی جگہ نہ برقرار رکھ پانے والے سرفراز احمد کی اے کیٹیگری سے تنزلی کا امکان ہے، اظہر علی ترقی پاتے ہوئے ان کی جگہ لیں گے۔
وہاب ریاض نے چالاکی کرتے ہوئے بی کیٹیگری کی فہرست میں جگہ بنانے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے رخصت کا اعلان کردیا تھا،ان کی سی کیٹیگری میں تنزلی ہوگی، محمد عامر نے سینٹرل کنٹریکٹ سے پہلے ہی طویل فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا،اس لیے سی کیٹیگری میں رکھا گیا،اس بار بھی کسی تبدیلی کا امکان نظر نہیں آ رہا، مسلسل فٹنس مسائل سے دوچار حسن علی اور عثمان شنواری کے کنٹریکٹ خطرے میں ہیں، نسیم شاہ کی سی کیٹیگری میں انٹری ہوسکتی ہے،حارث رؤف کا نام بھی زیر غور ہے، گزشتہ کنٹریکٹ میں نظر انداز شعیب ملک اور محمد حفیظ کو اس بار بھی تنخواہ کے بغیر ہی گزارہ کرنا پڑے۔
لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا کہ ماضی میں پی سی بی مستقبل کی منصوبہ بندی نہیں کرتا تھا مگر ہم پرانی روایات کو بدل رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان جلد کرکے کھلاڑیوں کو معاشی تحفظ دینا چاہتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم نے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کو گائیڈ لائن دے دی تھی، وہ گزشتہ 3 ہفتے سے ممکنہ کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیار کررہے تھے، منگل کو 19 یا 20 کرکٹرز کے نام پیش کردیں گے۔
جس پر صلاح مشورے کے بعد چیئرمین پی سی بی کی منظوری سے حتمی فہرست کا اعلان کردیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ کنٹریکٹ بھی 3 کیٹیگریز پر ہی مشتمل ہوگا، بورڈ اس بار کھلاڑیوںکامعاوضہ کم کرنے کے بجائے مزید اضافے کا سوچ رہا ہے، نئی این اوسی پالیسی سے کرکٹرز کو غیر ملکی لیگز میں شرکت سے زیادہ مالی فائدہ ہوتا لیکن موجودہ صورتحال کی وجہ سے شاید رواں سال انھیں زیادہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملے گا، لہٰذا بورڈ ان کی آمدنی میں اضافہ کے بارے میں غور کررہا ہے۔ وسیم خان نے واضح کیاکہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی افادیت کو پیش نظر رکھا جائے گا، جو تینوں فارمیٹ میں کھیلتے ہیں انھیں ترجیح دی جائے گی۔