لاہور:
انگلینڈ کیخلاف سیریز کی تیاریوں میں مصروف قومی کرکٹرز نے4 روز تک بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس سے صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا،ہفتے کو آرام کے بعد گذشتہ روز 2 روزہ پریکٹس میچ کا آغاز ہوا، کھلاڑی ٹیسٹ کی مکمل یونیفارم میں نظر آئے، بیٹسمین جوڑیوں کی شکل میں میدان میں اترے، وہ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی جانب سے دیے جانے والے اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے بیٹنگ کرتے رہے۔
بابر اعظم اور عابد علی نے کریز پر اچھا وقت گزارا، اوپنرز اور دیگرکھلاڑیوں کو بھی اپنی باری پر بیٹنگ کا موقع ملا، پیسرز محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور یاسر شاہ ایکشن میں نظر آئے۔
ہر کھلاڑی نے سویٹر اور کیپ امپائر کے حوالے کرنے کے بجائے خود جاکر میدان سے باہر رکھے،گیند پر تھوک کا استعمال کرنے کے بجائے بولرز نے پسینہ آنے کا انتظار کیا، بولنگ کوچ وقار یونس و دیگر معاون اسٹاف کے ارکان کھلاڑیوں کو ایس او پیز کے بارے میں بار بار آگاہ کرتے رہے۔