لاہور:
انگلینڈ رواں سیزن میں کرکٹ کی بحالی کیلیے بھاری قیمت ادا کرے گا۔
انگلینڈ رواں سیزن میں ویسٹ انڈیز کی میزبانی سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر شروع کرنا چاہتا ہے، ٹیسٹ سیریز تو جولائی میں ہوگی لیکن کیریبیئنز قرنطینہ کی غرض سے ایک ماہ قبل 9جون کو ہی پہنچ جائیں گے، اس کے بعد پاکستانی ٹیم کو بھی قبل ازوقت پہنچ کر 3ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں، آئر لینڈ سے سیریزشیڈول اور ستمبر میں کینگروز کے آنے کی بھی توقع ہے، اس کرکٹ کیلیے انگلش بورڈ کو بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔
مقامی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل میچز کے انعقاد پر 10ملین پاؤنڈ خرچ ہوں گے، مہمان کرکٹرز کو لانے کیلیے چارٹرڈ فلائٹس پر 5لاکھ پاؤنڈ لاگت آئے گی، ہر وینیو پر 250کے قریب افراد موجود ہوں گے، ان تمام کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔
انگلش بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میچز کے انعقاد سے نشریاتی حقوق کے 120ملین پاؤنڈز حاصل ہوں گے، اس لیے اضافی خرچ برادشت کرنے میں کوئی حرج نہیں۔