بالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر کرن جوہر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد نے موت سے قبل لکھےخط میں ایک خاص نصیحت کی تھی۔
کرن جوہر کا شمار بھارت کی ایسی شخصیات میں ہوتا ہے جوکہ وقتاََ فوقتاََ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں، اس بار وہ اپنے آنجہانی والد یش جوہر کے ایک خط کی وجہ سے میڈیا کی نظروں میں آئے ہیں۔
اُنہوں نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے والد موت سے قبل ان کے لیے ایک خط چھوڑ گئے تھے جس میں کاروبار اور قابلِ اعتبار لوگوں کے بارے میں کچھ اہم معلومات موجود تھیں۔
اُنہوں نے والد کے خط سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی جذباتی نہیں بلکہ ایک کاروباری خط تھا۔ اس خط میں دراصل مجھے یہ بتایا گیا تھا کہ میرے میوچل فنڈز، میرے لیے سرمایہ کاری کے لحاظ سے فنڈز کہاں پر ہیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس خط میں والد نے مجھے یہاں تک معلومات فراہم کیں کہ مجھے کن لوگوں پر اعتماد کرنا ہےاور کن لوگوں پر اعتماد نہیں کرنا ہے، اور کس طرح سے مجھے کاروبار کو آگے لے کر چلنا ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ وہ خط میرے لیے بائبل بن گیا اور میں نے 5 سے 6 صفحات پر مشتمل اس بائبل سے زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے بہت مدد حاصل کی۔
واضح رہے کہ کرن جوہر کام اپنی نئی فلم’راکی اور رانی پریم کہانی‘ کی ہدایت کاری میں مصروف ہیں، اس فلم میں رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ مرکزی کرداروں میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔