بھارتی معروف ہدایتکار کرن جوہر نے معروف اداکارہ کنگنا رناوت کی جانب سے ’مووی مافیا‘ سے متعلق بیان پر جواب دیا ہے۔
کرن بالی ووڈ کے سب سے کامیاب ہدایتکاروں میں سے ایک ہیں جو ہندی سینما میں اپنی ذہانت اور رومانوی فلمیں بنانے کے لیے مشہور ہیں۔
ہدایتکار کے انسٹاگرام پر 15.9 ملین فالوورز ہیں۔
کرن جوہر آج کل اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کی کامیابی کا جشن منا رہے ہیں۔
اس فلم میں رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
حال ہی میں کرن جوہر نے کنگنا رناوت کا نام لیے بغیر اِنہیں ’مووی مافیا‘ کا لفظ استعمال کرنے پر جواب دیا تھا۔
سچریتا تیاگی کے ساتھ انٹرویو میں کرن جوہر نے ’مووی مافیا‘ کہلائے جانے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ایسے بیانات کے جواب میں صرف لچک دکھانی تھی کیونکہ مجھے اپنی ماں اور اپنے لیے مضبوط رہنا ہوتا ہے، خود سے متعلق ایسی باتیں اور بیانات سُن کر بے چینی محسوس ہوتی ہے۔
انہوں نے انتہائی غصے میں کہا کہ میرے پاس اب چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے، بہرحال ہر ایک نے میری زندگی میں طرح طرح کے طوفان برپا کیے ہوئے ہیں اور مجھ سے متعلق اندازے لگائے ہوئے ہیں۔
ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ بہت سارے لوگ اس شخص کو نہیں جانتے جو کہ میں اصل میں ہوں۔
کرن جوہر کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے صرف مافیا یا کسی منفی چیز کو سامنے لا کر مجھ سے متعلق یہ تاثر پیدا کیا ہوا ہے، لوگ نہیں جانتے کہ روزانہ کی بنیاد پر ایک پروڈیوسر یا ہدایتکار اپنی کاسٹ کو حاصل کرنے کی کیسے کوشش کر رہا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ کرن جوہر نے اپنے اس انٹرویو کے دوران ایک بار بھی کنگنا رناوت کا نام نہیں لیا مگر ہر کوئی یہ جانتا ہے کہ کنگنا رناوت آئے دن کرن جوہر کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نام لے کر تنقید کا نشانہ بناتی رہتی ہیں۔