کراچی:
سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ نے ڈیری مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔سرکاری قیمت 94 روپے لیٹر کے مقابلے میں شہر بھر میں ڈیڑھ سال سے 120 روپے لیٹر فروخت ہونے والے دودھ کی قیمت میں مزید 10 روپے کا اضافہ کردیا گیا، صارفین کی جیب پر ہر لیٹر دودھ کے ذریعے 36 روپے کے ڈاکے اور مجموعی طور پر یومیہ کروڑوں روپے ڈکارنے والی ڈیری مافیا کو کھلی چھٹی دے دی گئی۔
یکم مارچ سے دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا، دہی 200 روپے لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے، شہر کی تمام بڑی دکانوں پر نئے ریٹ کا اطلاق کر دیا گیا۔
دودھ کی قیمت میں اضافہ کا اعلان ڈیری فارمرز اور ہول سیلرز کی انجمنوں نے از خود کیا، کراچی میں دودھ کی سرکاری قیمت میں تاحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سرکاری نرخ 94 روپے لیٹر ہونے کے باوجود دودھ 130 روپے لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ شہری انتظامیہ اور سندھ حکومت نے ڈیری مافیا کو ڈھیل دے رکھی ہے۔ دودھ کی غیرقانونی قیمت کا نوٹس لیا جائے۔