کراچی: گلشن اقبال میں واقع نظارت میں آتشزدگی، درجنوں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں نذرِ آتش

کراچی: گلشن اقبال میں واقع نظارت میں آتشزدگی، درجنوں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں نذرِ آتش


کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں قائم نظارت میں آگ لگنے سے درجنوں موٹرسائیکلیں، ایک بس، 2 رکشے اور 6 سے7 گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

عزیز بھٹی پارک کے قریب نظارت میں پرانی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم فائر بریگیڈ نے جائے وقوع پر بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔

پولیس، ایدھی ایمبولینس اور ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوع پر پہنچ گئیں تاہم اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، آگ لگنے کی وجوہات کا پتا لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

جائے وقوع سے متصل شہری آبادی بھی ہے تاہم فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا اور رہائشی آبادی کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رہی۔

فائر بریگیڈ کے اہلکار نے بتایا کہ پرانی کاروں میں لگی آگ پر 6 فائر ٹینڈرز نے قابو پایا، کولنگ کے عمل کے لیے 2 فائر ٹینڈرز ابھی بھی وہاں موجود ہیں۔

فائر فائٹر نے بتایا کہ جائے وقوع پر جھاڑیاں موجود ہیں جہاں حکومت کی پرانی گاڑیاں بغیر کسی مناسب دیکھ بھال یا نگرانی کے کھڑی کر دی گئی ہیں، آگ لگنے کی صحیح وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں کراچی میں آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، رواں ماہ کے آغاز میں کراچی میں نجی سپر اسٹور میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔

جیل چورنگی پر واقع نجی سپر اسٹور کے تہہ خانے میں غیر قانونی طور پر بنائے گئے گودام میں بھڑکنے والی اس آگ پر کئی روز گزرنے کے بعد بالآخر قابو پالیا گیا تھا۔

اس سے قبل کراچی کے علاقے پاک کالونی کے قریب لاشاری محلے میں فوم کے گودام میں خوفناک آتشزدگی کے دوران بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

فوم بنانے والی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر ایک درجن سے زائد فائر انجنز نے کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد قابو پایا۔

قبل ازیں رواں سال کے آغاز میں صبا سینما کے قریب نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں ایک تولیہ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔


اپنا تبصرہ لکھیں