کراچی کے شہری ملک میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں آٹے کی قیمتوں کی تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق کراچی میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ریکارڈ 1400 روپے تک پہنچ گیا جو پنجاب کے بڑے شہروں کی نسبت مہنگا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں آٹا لاہور،گوجرانوالہ،ملتان اور بہاولپورسے 540 روپے اور راولپنڈی اسلام آباد کی نسبت 500 روپے تک مہنگا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا حیدرآباد سے 160 روپے مہنگا، سکھر سے 260، کوئٹہ سے 240 ، خضدار سے300 اورپشاور سے 120 روپے مہنگا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے بعد پشاور کے شہری سب سے زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں اور شہر میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1280 روپے میں فروحت ہورہا ہے۔
اس کے علاوہ حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1240 روپے، سکھر 1140، لاڑکانہ 1160، بنوں 1200، کوئٹہ 1160، خضدار 1100، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اوربہاولپور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے کا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 900 روپے تک ہے۔