کراچی شہر میں ڈبل سواری پر عائد کی گئی پابندی وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ختم کر دی گئی ہے جب کہ سی ویو بھی سال نو کے موقع پر کھلا رہے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام ساحل سمندر پر پُرامن طریقے سے نئے سال کو خوش آمدید کہہ سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سی ویو پر کنٹینر لگانے سے بھی انتظامیہ کو سختی سے منع کر دیا ہے اور شہریوں سے کہا ہے کہ کسی کو تنگ نہیں کیا جائے گا یہ شہر آپ کا ہے ،اس کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔
زیراعلیٰ سندھ نے عوام کو ہدایت کی کہ عوام کسی قسم کا اسلحہ اور نشہ آور اشیاء کا استعمال کرنے سے گریز کریں۔
سال نو کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2020 ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور عوام کی خوشحالی کا سال ہوگا۔
دوسری جانب کراچی ٹریفک پولیس اعلامیے کے مطابق نئے سال کی آمد پرسی ویو جانے والے کسی راستے کو بند نہیں کیا جارہا مگر سی ویو روڈ اور شارع فیصل پرپارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔
علاوہ ازیں ڈاکٹر ضیاءالدین احمد روڈ،عبداللہ ہارون روڈ، کورنگی روڈ ،ایم ٹی خان روڈ، مائی کولاچی روڈ پر بھی پارکنگ ممنوع ہے۔
اعلامیے کے مطابق ٹوٹے ہوئے یا بغیر سائلنسر کی گاڑی چلانے پر پابندی برقرار رہے گی۔