کراچی میں لگاتار دوسرے دن شدید گرمی، درجہ حرارت 43 ڈگری ریکارڈ

کراچی میں لگاتار دوسرے دن شدید گرمی، درجہ حرارت 43 ڈگری ریکارڈ


کراچی میں لگاتار دوسرے دن بھی موسم شدید گرم رہا اور شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان سے آنے والی گرم اور گرد آلود ہوائیں 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور آئندہ دو روز موسم گرم اور گرد آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ان گرم اور گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے سمندری طوفان کے گرد 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں ہیں۔

صرف دن ہی نہیں بلکہ گزشتہ رات بھی 6 سال بعد گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی اور درجہ حرارت رات میں بھی 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے گزشتہ رات کو مئی کی دوسری گرم ترین رات قرار دیا جہاں اس سے قبل مئی میں سب سے زیادہ گرمی 6 سال قبل 8 مئی 2015 کو ریکارڈ کی گئی جب رات میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ گرمی اور گرم مرطوب ہواؤں کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا اور کل بھی شہر میں درجہ 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

حکومت سندھ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سمندری طوفان ‘تاؤتے’ انتہائی شدید طوفان کی شکل اختیار کر گیا ہے جس کی وجہ سے سمندر میں 200 سے 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

اتھارٹی نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ ہفتے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کہ سمندری طوفان کے باعث کراچی میں 17 سے 20 مئی تک بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

بعدازاں 16 اور 17 مئی کو ہیٹ ویو کی پیش گوئی اور عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

گزشتہ روز تعطیل کے باوجود شدید گرمی کی وجہ سے شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک انتہائی کم رہا اور لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔

اتوار کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.5 اور کم سے کم 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شدید گرمی کے سبب بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی۔

کراچی میں گزشتہ 50 سال کے دوران سب سے بدترین گرمی اور ہیٹ ویو 2015 میں آئی تھی جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔

19 جون 2015 سے شروع ہونے والی اس ہیٹ ویو کے دوران شدید گرمی کے سبب پانچ دن میں 1200 سے زائد افراد کی موت ہوئی تھی جبکہ 40 ہزار سے زائد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو گئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں