کراچی: پیرآباد میں بھکارن کے ہاتھوں اغوا کی جانے والی ڈیڑھ ماہ کی بچی کو بازیاب کرالیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈیڑھ ماہ کی بچی کو گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد کے رہائشی شہاب کے گھر سے اغواء کیا گیا تھا، اس دوران ان کی اہلیہ گھر میں اکیلی تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ ایک بھیک مانگنے والی خاتون گھر کے دروازے پر آئی اور پانی مانگا، بچی کی ماں پانی لے کر واپس آئی تو خاتون بچی کو لے کر فرار ہوچکی تھی۔
بچے کے والد نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیرآباد میں تلاشی کے دوران شارع نور جہاں پولیس کو بچی لاوارث حالت میں ملی۔