پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے 2 میچز میں 14 وکٹیں اڑا دی ہیں۔
کاؤنٹی چیمپئن شپ میں حسن علی کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے اور انہوں نے جارحانہ بولنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کی 5 وکٹیں اڑادی ہیں۔
لنکا شائر کا مقابلہ ہیمپ شائر سے ہوا جس میں حسن علی نے ہیمپ شائر کی پہلی اننگ میں ان کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
حسن علی نے ہیمپ شائر کے کھلاڑی لیام ڈوسن، کیتھ بارکر، بین براؤن، محمد عباس اور کائل ایبٹ کا آؤٹ کیا تھا۔
واضح رہے کہ حسن علی کی کاؤنٹی چیمپئن شپ کے کیریئرمیں یہ دوسری مرتبہ 5 وکٹیں ہیں جبکہ اس سے قبل انہوں نے گلاویسٹر شائر کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
دوسری جانب کاؤنٹی چیمپئن شپ میں پاکستانی بلے باز شان مسعود کا بلا بھی خوب چل رہا ہے جبکہ انہیں انگلینڈ کی زمین راس آگئی ہے۔
شان مسعود کاؤنٹی چیمپئن شپ کے صرف 2 میچز میں 152.72 کی اوسط سے 611 رنز اسکور کرچکے ہیں جبکہ وہ ایونٹ میں یارکشائر کی نمائندگی کررہے ہیں۔
انہوں نے چیمپئن شپ میں اب تک دو ڈبل سنچریاں اور دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں جبکہ ان کا اب تک کا سب سے بہترین اسکور 239 رنز تک پہنچ گیا ہے۔