ڈرامے میں کبھی والد کا کردار ادا نہیں کروں گا: نبیل ظفر

ڈرامے میں کبھی والد کا کردار ادا نہیں کروں گا: نبیل ظفر


پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو متعدد بلاک بسٹر ڈرامہ سیریلز دینے والے اداکار، ہدایت کار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر نبیل ظفر نے کہا ہے کہ وہ ڈرامہ سیریل میں کبھی بھی والد کا کردار ادا نہیں کریں گے۔

مشہور کامیڈی ڈرامہ سیریل ’بلبلے‘ کے مرکزی کردار، اداکار نبیل ظفر نے حال ہی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے ایک پوڈ کاسٹ ریکارڈ کروائی ہے۔

پوڈ کاسٹ میں اپنے دلچسپ انٹرویو کے دوران اداکار کا شکوہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ڈراموں کے اسکرپٹ مضبوط اور منفرد نہیں رہے ہیں، وہ اچھے اسکرپٹ کے انتظار میں ہیں، جب تک اچھا اسکرپٹ نہیں ملے گا وہ کردار کے لیے ہاں نہیں کہیں گے۔

اداکار نے ڈراموں میں مزید کام نہ کرنے اور آن اسکرین والد کا کردار ادا نہ کرنے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ حال ہو گیا ہے کہ جب کوئی فلم کامیاب نہیں ہوتی تو اس فلم کا اسکرپٹ اٹھا کر ڈرامہ بنادیا جاتا ہے، ہم نے ڈراموں کو فلم بنا دیا ہے جو کہ بہت غلط ہے۔

نبیل ظفر کا کہنا تھا کہ ڈرامے کا ہیرو کوئی اداکار نہیں بلکہ کردار ہوتا ہے، ضروری نہیں کہ  ڈرامے کا ہیرو، کوئی ہیرو یا ہیروئن ہی ہوں، کردار اصل ہیرو ہوتا ہے اور وہ کوئی بھی کردار ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کل کے ڈراموں کی کہانیاں بہت گھسی پٹی ہیں، مجھے آج تک آفر آتی ہیں کہ نبیل بھائی ڈرامے میں ہیروئن کے والد کا کردار ادا کر لیں۔

نبیل ظفر نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ میں منع کر دیتا ہوں کیوں کہ مجھے باپ نہیں بننا ہے، میں بہت پہلے باپ بن چکا ہوں، مجھے ڈرامے کا باپ بن کر ہیروئن سے یہ نہیں کہنا ہے کہ اچھا طلاق ہو گئی ہے چلو تمہاری دوسری شادی کر وا دیتا ہوں یا بیٹا کھانا کھا لیا یا نہیں؟ یہ سب میں نہیں کرسکتا اس لیے میں ڈراموں کی آفرز قبول نہیں کرتا ہوں۔

اداکار نبیل نے اپنی گفتگو کے آخر میں کہا کہ غلطی صرف یہ ہے کہ ہم نے 80 نیوز چینلز بنا دیے ہیں حالانہ کی 80 انٹرٹینمنٹ کے چینلز ہونے چاہیے تھے، یہی وجہ ہے کہ اب ہمارے پاس ڈراموں کا اچھا رائٹر پیدا نہیں ہو رہا۔


اپنا تبصرہ لکھیں