چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کا پاکستان کو جیت کیلیے 145 رنز کا ہدف

چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کا پاکستان کو جیت کیلیے 145 رنز کا ہدف


جوہانسبرگ: 

چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا ہے۔جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی بولرز کی جاندار بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 144 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

اس سے قبل پاکستانی کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے یانے من ملان اور ایڈن مارکرم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم مارکرم اس اننگز میں اچھا کھیل پیش نہ کرسکے اور 11 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے تاہم ملان نے وان ڈار ڈاسن کے ساتھ ملکر 57 رنز کی اچھی شراکت قائم کی۔

وان ڈار ڈاسن نے اپنی نصف سنچری اسکور کی اور 52 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ ملان 33 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد جنوبی افریقا کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا۔

کپتان ہیرنک کلاسن 9، جارج لنڈے 3، ویان ملڈر 6، ایڈنلے فلیکائیو 1، سسانڈا مگالا 7، فورٹوئن 8 اور تبریز شمسی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف اور حسن علی نے 3،3 جب کہ حارث رؤف نے 2 اور شاہین آفریدی، محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقا کو 9 وکٹ سے شکست دیتے ہوئے سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کررکھی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں