چاہت فتح علی خان بھی انتخابی میدان میں اترگئے، کاغذات جمع کرادیے

چاہت فتح علی خان بھی انتخابی میدان میں اترگئے، کاغذات جمع کرادیے


اپنی انوکھی گلوکاری کی وجہ سے شہرت پانے والے چاہت فتح علی خان نے بھی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 8 فروری کو عام انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے ایسے میں ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے مجموعی طور پر 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔

پاکستان کے کونے کونے سے نامور سیاسی وسماجی شخصیات کے علاوہ خواجہ سراؤں، فنکاروں اور ٹک ٹاکرز کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے جن میں نامور ٹک ٹاکر صندل خٹک بھی شامل ہیں جب کہ اپنی منفرد گلوکاری کی وجہ سے مشہور ہونے والے چاہت فتح علی خان بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

چاہت فتح علی خان نے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ چاہت فتح علی خان نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 128 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جو کاشف رانا کے نام سے کروائے گئے ہیں۔

یہاں حیران ہونے کی کوئی بات نہیں کیوں کہ چاہت فتح علی خان کا اصل نام ہی کاشف رانا ہے۔

اس موقع پر چاہت فتح علی خان نے کہا کہ این اے 128 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں اور میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑرہا ہوں۔


اپنا تبصرہ لکھیں