چاند کی رویت سے متعلق اختلاف ختم کرنے کے معاملے پر اہم اجلاس میں مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے چاند کی رویت سے متعلق اجلاس کل طلب کیا ہے جس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی سائنٹیفک کمیٹی شرکاء کو بریفنگ دے گی۔
قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی سائنٹیفک کمیٹی قومی اسمبلی اور سینیٹ کی کمیٹیوں کو چاند کی پیدائش پر بریفنگ دے گی، کمیٹی قائمہ کمیٹیوں کو چاند دیکھنے کے جدید طریقے پر بھی تفصیلی بریفنگ دے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بریفنگ دینے کا مقصد آئندہ عید سمیت دیگر مذہبی تہواروں پر اختلافات کو ختم کرنا ہے۔
اجلاس کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمان، پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر محمود اشرفی، مسجد قاسم خان پشاور کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی اور علامہ ناصر عباس کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں ناظم اعلیٰ وفاق المدارس عربیہ مولانا حنیف جالندھری بھی مدعو ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ رواں برس عید کا چاند 24 اپریل کو دیکھا جا سکے گا اور ملک بھر میں پہلا روزہ 25 اپریل کو ہو گا۔