چائے کو پسند کرنے پر ماہرہ خان کو ‘بے شرم’ کے طعنے


سوشل میڈیا پر اکثر شوبز شخصیات کو اپنی بولڈ تصاویر یا کسی متنازع معاملے پر پوسٹ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

تاہم اس بار ‘سپر اسٹار’ اداکارہ ماہرہ خان کو محض چائے کے کپ کی تصویر شیئر کرنے اور چائے اسے اپنی محبت کا اظہار کرنے پر ‘بے شرم’ کے طعنے دیے گئے۔

ہوا کچھ یوں کہ اداکارہ ماہرہ خان نے 2 روز قبل اپنے انسٹاگرام پر چائے کے کپ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس کے کیپشن میں لکھا کہ ‘ویسے تو میں حسن پرست نہیں ہوں، لیکن چائے کے معاملے میں شکل و صورت ضرور دیکھتی ہوں’

اداکارہ نے ٹرے میں رکھے چائے سے آدھے بھرے کپ کی تصویر شیئر کی، اس تصویر میں شاعری کی کوئی کتاب بھی نظر آ رہی تھی اور مذکورہ کتاب سے شعر کا ایک مصرع بھی تصویر میں دکھائی دیا۔

اداکارہ کی چائے کی پوسٹ پر کئی افراد نے کمنٹس کیے اور ان سے اتفاق کیا کہ وہ سب بھی چائے کے معاملے میں ان کی طرح ہی ہیں۔

کچھ افراد نے لکھا کہ چائے عجیب معاملہ ہے، وہ اسے نہیں پیتے، پھر بھی وہ انہیں یاد آتی ہے۔

ان کی شیئر کی گئی تصویر پر کچھ افراد نے اداکارہ کی طرح چائے سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی چائے بہت پسند ہے۔

بعض مداحوں نے اداکارہ کے ساتھ چائے پینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا مگر ایک صارف نے تو اداکارہ کو چائے کی تصویر پر بھی طعنے دینا شروع کردیے۔

ثنا ملک نامی لڑکی نے اداکارہ کو ‘بے شرم’ قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کی اور لکھا کہ وہ اسلامی ملک میں کس طرح کی نامناسب تصویریں شیئر کر رہی ہیں۔

جس پر اداکارہ نے انہیں جواب دیا کہ یہ پہلی دفعہ ہے کہ انہیں چائے کی تصویر شیئر کرنے پر بھی ‘بے شرم’ کہا جا رہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں