کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کے بیڑے میں اسلحہ اور سینسرز سے لیس اے ٹی آر طیارے شامل کرنے سے پاکستان نیوی کے فضائی بازو کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
یہ بات پاک بحریہ کے سربراہ نے میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹ (ایم پی اے) اور یو اے وی کو پاکستان نیوی کے بیڑے میں شامل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کا کردار سمندری حدود کا تحفظ کرنا اور سمندر میں مواصلات کے نظام کی حفاظت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک اور اے ٹی آر کے بیڑے میں شامل کیے جانے سے اسپیشل فورسز کے آپریشنز میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ لونا این جی یو اے کی فضائی بازو کے بیڑے میں شمولیت سے پاکستان نیوی کی میری ٹائم میں انٹیلی جنس، نگرانی اور جاسوسی کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے شامل کیے گئے اے ٹی آر اور یو اے وی کے عملے سے ان کا بہتر استعمال کرتے ہوئے پاکستان نیوی کی جنگی صلاحیتوں میں موثر کارکردگی دکھانے کا کہا۔
پلوامہ حملے کے بعد پاکستان نیوی کے طیارے کیی جانب سے بھارتی آبدوز کا کھوج لگانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاک بحریہ کے فضائی بازو نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے اس حوصلے کو برقرار رکھنے اور کسی بھی صورتحال میں اس کا دوبارہ مظاہرہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اس تقریب میں اعلیٰ رینک کے افسران، پاکستان نیوی کے حاضر و ریٹائرڈ ہواباز اور دیگر سرکاری افسران شریک تھے۔