پیٹرول کی قیمت نمایاں کمی کے بعد 300 روپے سے نیچے آنے کا امکان

پیٹرول کی قیمت نمایاں کمی کے بعد 300 روپے سے نیچے آنے کا امکان


پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آنے والے جائزے میں کم ہو کر 300 روپے سے نیچے آنے کا امکان ہیں، جس کی وجہ تیل کی عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی اور پاکستانی کرنسی کی قدر میں اضافہ ہے۔

ڈیزل کی قیمت 20 روپے اور پیٹرول کی 38 روپے تک فی لیٹر کی متوقع کمی سے ایندھن کی قیمتوں میں ایک ساتھ نمایاں کمی ہوسکتی ہے۔

تاہم نگران حکومت اس کے برعکس فیصلہ کر سکتی ہے، خاص طور پر ڈیزل کی قیمتوں کے حوالے سے، کیونکہ اس پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی 50 روپے فی لیٹر عائد ہے، جبکہ اس مد میں پیٹرول پر فی لیٹر 60 روپے لیے جا رہے ہیں۔

حکومت کا بجٹ اہداف اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ کیے گئے وعدے کے تحت رواں مالی سال میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں تقریباً 869 ارب روپے وصول کرنا چاہتی ہے۔

اگر حکومت کمی کرتی ہے، تو یہ نگران حکومت مسلسل دوسری بار قیمتوں میں کمی کرے گی، جبکہ اس سے قبل مسلسل تین بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔

15 اگست سے 15 ستمبر کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 58 روپے 43 پیسے اور 55 روپے 83 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی قیمتیں 331 سے 333 روپے فی لیٹر کی تاریخی بُلند سطح پر پہنچ گئی تھیں۔

حکومت اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر 82 روپے اور ڈیزل پر 73 روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے۔

اگرچہ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس صفر ہے، تاہم حکومت پیٹرول پر فی لیٹر 60 روپے اور ڈیزل، ہائی آکٹین اور رون 95 پیٹرول پر 50 روپے فی لیٹر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی وصول کر رہی ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں یکم ستمبر سے 300 روپے سے زائد ہیں، بجلی اور ایندھن کی قیمتوں کے سبب ستمبر میں مہنگائی 31.4 فیصد تک پہنچ گئی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع کمی کے سبب مہنگائی کے بڑھتے رجحان میں کمی ہوسکتی ہے۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ موجودہ ٹیکسز کی شرح کی بنیاد پر پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 36 سے 38 روپے کم ہوسکتی ہے کیونکہ تیل کی عالمی قیمتیں 99 ڈالر فی بیرل سے 12 فیصد کم ہو کر 87 ڈالر پر آگئی ہیں, اس کے علاوہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 4 فیصد بہتری ہوئی۔

اس سے پتا چلتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پیٹرول کی قیمت میں 11.4 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی ہے جبکہ ڈالر کے مقابلے روپیہ 292 روپے سے کم ہو کر ستمبر کے آخر میں 280 روپے پر آگیا، یہ 12 روپے سے زائد کا اضافہ ہے۔

تاہم پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے درآمدی کارگوز کو محفوظ بنانے کے لیے ادا کیے جانے والا پیٹرول پریمیم 15 ڈالر سے معمولی بڑھ کر 16.7 ڈالر فی بیرل تک چلا گیا۔

ان تمام عناصر میں تبدیلی کو دیکھا جائے تو ایکس ریفائنری پیٹرول کی قیمت تقریباً 38 روپے فی لیٹر کم ہوسکتی ہے، اور ایکس ڈپو قیمت اگلے پندرہ روز (16 تا 31 اکتوبر) کے لیے تقریباً 286 روپے فی لیٹر کم ہوسکتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں