پیٹرول کی قیمت میں فوری طور پر اضافہ نہیں ہو رہا، مفتاح اسمٰعیل

پیٹرول کی قیمت میں فوری طور پر اضافہ نہیں ہو رہا، مفتاح اسمٰعیل


وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں فوری طورپر اضافہ نہیں ہو رہا، پیٹرول پر امیر لوگوں کو سبسڈی نہیں دینی چاہیے، غریب طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام ‘کیپٹل ٹاک’ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھا ملک کی اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آرہی ہے اور تاجر برادری جانتی ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) سے مذاکرات کامیاب ہو رہے ہیں، اس سے روپے کے اوپر دباؤ کم ہوگا اور اب ملک کی معیشت سیاست کی نذر نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی کئی وجوہات ہیں جن میں سے ایک روپے کی قدر کا بہت زیادہ گرنا ہے، اس کے علاوہ سابق حکومت کی انتظامی غلطیاں، مہنگی بجلی، حکومتی قرضے اور ایندھن کی درآمدی قیمتوں کا بڑھنا مہنگائی کے عوامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں مہنگے فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنائی گئی جو مہنگائی کا ایک فیکٹر ہے، ہم گیس سے سستی بجلی بنائیں گے، ملک میں طرز حکومت کو بہتر بنائیں گے، بجٹ خسارہ قابو کریں گے اور آئندہ 3 سے 4 ماہ کے دوران ملک میں بہتری نظر آئے گی۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے متعلق سوال پر مفتاح اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرول پر امیر لوگوں کو سبسڈی نہیں دینی چاہیے، تاہم غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوری طورپر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں ہو رہا ہے، عوام کو گاڑیوں کے ٹینک پیٹرول سے بھرنے کی ضرورت نہیں، کوشش کریں گے کہ جب قیمتیں بڑھانیں پڑے تو غریب کو ریلیف دیں اور ان پر کوئی بوجھ نہیں ڈالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ غریب پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا، اگر یکم مئی کو پیٹرول مہنگا ہوا تو بھی اس کے مختلف مراحل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہم ایک منصوبہ تیار کریں گے کہ کس طرح سے نچلے طبقے کو ریلیف اور تحفظ دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے بھی بات کی ہے کہ سبسڈی ختم کریں گے لیکن عام آدمی جو موٹر سائیکل یا بس میں سفر کرتا ہے اس کو ضرور ریلیف دیں گے۔

وزیرخزانہ مفتاح اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ ایسےکسی قانون میں تبدیلی نہیں کی جائےگی جس سے آئی ایم ایف سے تعلقات خراب ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کا بل واپس لینےکا کوئی ارادہ نہیں ہے، آئندہ سال تک آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل ہو جائے پھر دیکھیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کی سالانہ میٹنگ واشنگٹن میں ہو رہی ہے جس میں وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسمٰعیل پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں