لاہور:
پیس پاور کی جنگ میں پاکستان فتح کا نسخہ تلاش کرے گا جب کہ جمعے سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں گرین کیپس 21سال بعد کیریبیئنز کے مقابل سیریز ہارنے کا خوف لیے میدان میں اتریں گے۔جمیکا میں ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے قبل پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا، توقع یہی تھی کہ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ڈھیر ہونے والے کیریبیئنز کو گرین کیپس بھی آسانی سے زیر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، مگر کنگسٹن میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں مہمان بیٹسمینوں کی کارکردگی میں عدم تسلسل اور میچ کے فیصلہ کن لمحات میں فیلڈرز کی جانب سے 3کیچز گرائے جانے کی وجہ سے میزبان ٹیم ایک وکٹ سے سرخرو ہوگئی۔
پاکستان نے کیریبیئن جزائر میں مسلسل دوسری بار سیریز جیتنے کا موقع تو گنوا دیا، اب کلین سوئپ کی خفت سے بچنے کے لالے پڑ گئے ہیں، ٹیم کو آخری بار کیریبیئنزکے خلاف سیریز میں شکست مئی2000میں ہوئی تھی،3میچز میں سے ایک میں میزبان نے گرین کیپس کو ہرایا تھا،2 مقابلے ڈرا ہوئے تھے، اس کے بعد یواے ای اور ویسٹ انڈیز میں منعقدہ6سیریز میں سے4پاکستان نے جیتیں، 2ڈرا ہوئیں۔
موجودہ سیریز کے کنگسٹن میں ہی کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں بھی مشکل کنڈیشنز بیٹسمینوں کا امتحان لیں گی، میزبان پیسرز اپنی سوئنگ اور پچ پر باؤنس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مشکلات پیدا کریں گے،ابھی تک کمزور کڑی ثابت ہونے والے اوپنرز خاص طور پر عمران بٹ کا کریز پر قیام انتہائی مختصر رہا جس کی وجہ سے آنے والے بیٹسمین بھی دباؤ کا شکار ہوئے، اظہر علی ایک سینئر بیٹسمین ہونے کا حق ادا نہیں کر سکے۔
بابر اعظم قدرے زیادہ مزاحمت کرنے میں تو کامیاب ہوئے مگر اتنی بڑی اننگز نہیں کھیل پائے کہ ٹیم کی فتح کا سفر آسان ہو جاتا،محمد رضوان اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں نہیں بدل پائے، فواد عالم اور فہیم اشرف نے پہلی اننگز میں بہتر کارکردگی کا تسلسل دوسری میں برقرار نہیں رکھا،ان مسائل کی وجہ سے پاکستان میچ میں حاوی ہونے کے مواقع گنواتا رہا۔
بولرز میں شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، محمد عباس اور فہیم اشرف نے اچھے اسپیلز کیے، فاسٹ بولرز ایک بار پھر سازگار کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کے لیے بے قرار ہوں گے،یاسر شاہ پورے میچ میں وکٹ کو ترستے رہے تھے، ان کی جگہ نعمان علی کو موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے، ٹیم مینجمنٹ خاص طور پر فیلڈنگ کے حوالے سے فکر مند ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان کریگ بریتھ ویٹ گذشتہ میچ کی پہلی اننگز میں بڑی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو برتری دلانے میں کامیاب ہوگئے تھے،دوسری اننگز میں جراتمندانہ اننگز کھیلنے والے جرمین بلیک ووڈ کا اعتماد بھی بلندیوں پر ہے، جیسن ہولڈر نے میچ میں ففٹی بنائی، آل راؤنڈر بیٹ اور بال دونوں سے ٹیم کے کام آسکتے ہیں۔
جیڈن سیلس ایک بار پھر پاکستانی بیٹسمینوں کی کمزوریاں آشکار کرنے کی کوشش کریں گے، کیمار روچ ان کا ساتھ دینے کیلیے تیار ہیں، اسپنر روسٹن چیس کو پہلے ٹیسٹ میں تو پچ سے زیادہ مدد نہیں ملی وہ دوسرے میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے،چیس بطور بیٹسمین بھی بڑی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پچ پر تھوڑی گھاس کی موجودگی میں پیسرز کو مدد ملنے اور لواسکورز کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میچ کے دوران بارش کی مداخلت کا خدشہ موجود ہوگا،جمعے کو دوسرے سیشن کے دوران ہلکی جبکہ ہفتے کی سہ پہرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،ٹیسٹ کے پانچویں دن بھی اسی طرح کی صورتحال ہوگی۔