ایچ بی ایل پی ایس ایل کی اسپانسر کمپنی نے ویب سائٹ پرجوئے کے لنکس شیئر ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی بیان میں رائٹس ہولڈر ادارے نے کہا کہ ڈیفا نیوز نے کئی کرکٹ ایونٹس کو اسپانسر کیا اور اس دوران میزبان ملکوں کے مقامی قوانین کو پیش نظر رکھا ہے، ہم نے اس کی متعلقہ اتھارٹیز سے پی ایس ایل میچز پر جوئے کے لنکس کی اطلاعات پر وضاحت مانگی تو جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ صرف خبروں کے لیے مختص ہے، کسی جوئے کے کاروبار سے اس کا تعلق نہیں تاہم نادانستگی میں تکنیکی غلطی کی وجہ سے پی ایس ایل کے افتتاحی روز بیٹنگ ویب سائٹ کا لنک اس پر نظر آتا رہا جس کو پہلے میچ کے بعد ہٹا دیا گیا، غلط فہمی کی صورتحال پیدا ہونے پر ڈیفا نیوز کی طرف سے ہم پی سی بی سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔
دوسری جانب ملتان سلطانز نے کہاکہ وولف 777نیوز اسپورٹس کی ویب سائٹ ہے جس کا جوئے سے کوئی تعلق نہیں، ایک ذمہ دار فرنچائز کی حیثیت سے ہم جوئے جیسی سرگرمی میں ملوث کسی ادارے سے وابستہ ہونے یا سپورٹ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
واضح رہے کہ ”ایکسپریس“ نے گزشتہ دنوں جوئے کی کمپینز کی دوسرے ناموں سے پاکستان کرکٹ میں اسپانسر شپ کا انکشاف کیا تھا، رپورٹ میں نام لیے بغیر ایک فرنچائز کا بھی ذکر تھا لیکن اس کی اسپانسر ویب سائٹ پر جوئے کا لنک نہ ہونے کا بھی بتایا گیا تھا۔