پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کرلیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
یونائیٹڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، عبید شاہ کی جگہ حنین شاہ جبکہ ٹائمل ملز کی جگہ رومان رئیس کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ ہی کرتے۔
انہوں نے پچ کو بولرز بالخصوص اسپنرز کے لیے سازگار قرار دیا۔
دونوں ٹیموں کی ایونٹ میں اب تک کی کارکردگی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک ایونٹ میں دو میچز کھیلے ہیں اس نے دونوں میں ہی کامیابی سمیٹی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو 16 رنز سے ہرایا جبکہ لاہور قلندرز کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی دو میچز کھیلے جن میں سے ایک میں کامیابی ملی جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے زیر کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں اسے ملتان سلطانز کے خلاف ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔