کراچی:
پاکستان سپر لیگ کے 12ویں میچ میں لاہور قلندرز کے 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن کے 12ویں میچ میں لاہور قلندرز کی جانب سے دیئے گئے 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پال اسٹرلنگ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق اورفخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم عبداللہ شفیق 44 رنز بنانے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
جس کے بعد کامران غلام آئے اور محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ فخر زمان 38 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، محمد حفیظ بھی 5 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر پال اسٹیئرلنگ کا شکار بنے، فل سالٹ بھی 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔
نئے آنے والے بیٹسمین ڈیوڈ ویزے نے ہیری بروک کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا لیکن ڈیوڈ 20 اور بروک 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4 جب کہ حارث رؤف 0 پر آؤٹ ہوئے اور یوں لاہور قلندرز نے تمام اورز کھیلتے ہوئے 174 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف دیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور وقاص مقصود نے 4، 4 اور مبشر خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔