کراچی:
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی تباہ کن بولنگ کے باعث پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی کی جانب سے ٹام کوہلر اور یاسر خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ٹام کوہلر کھاتہ کھولے بغیر ہی صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
جس کے بعد حیدر علی آئے اور یاسر خان کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 26 کے مجموعی اسکور پر یاسر خان بھی 14 رنز بنا کر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ نئے آنے والے بیٹسمین حسین طلعت بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
حیدر علی بھی 15 رنز بنانے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا شکار بنے۔ جب پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی تب شعیب ملک نے شرفانے ردرفورڈ کے ساتھ مل کر محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا لیکن شعیب ملک بھی 25 رنز پر محمد وسیم کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین بین کٹنگ بھی 26 رنز پر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کا دوسرا میچ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا جو شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔