وزیراعظم شہباز شریف نے ماحول دوست اور کم لاگت میں بجلی پیدا کرنے کے لیے پبلک سیکٹر میں 2 ہزار میگاواٹ کے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کی اصولی منظوری دے دی اور حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ موسم سرما میں شہریوں کو بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
شہباز شریف نے مہنگے درآمدری ایندھن (ڈیزل اور فرنس آئل) کی جگہ سولر پاور سے 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے پراجیکٹ کی تنصیب کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ منصوبے کے تحت ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر فوری منتقل کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شمسی توانائی کے استعمال سے ڈسٹری بیوشن و لائن لاسز، بجلی کی چوری اور گردشی قرضوں میں اضافے کے مسائل کا بھی سدباب ممکن ہوگا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کو سولر پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں بتایا کہ جو کمپنیاں ایسے منصوبوں میں سرمایہ کاری کررہی ہیں انہیں ضمانت دی جائے گی، اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ شمسی توانائی پر سرمایہ کاروں کی کانفرنس 14 ستمبر کو منعقد ہوئی جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین اور قطر سمیت مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے شرکت کی تھی۔