دبئی:
پاکستانی کرکٹرز فیلڈکے سب سے ’’اچھے بچے‘‘ قرارپائے، ڈسپلن کی سب سے کم صرف 2 خلاف ورزیوں کے مرتکب ہوئے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپریل 2018 سے اب تک کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات جاری کر دیں،ان 3 برسوں میں پاکستان ٹیم نے صرف 2 خلاف ورزیاں کیں، اس کا مجموعی رویہ بہترین رہا۔
دنیائے کرکٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم اپنے خراب ترین رویے کی وجہ سے جانی جاتی رہی، مگر گذشتہ 3 برس کے دوران سب سے زیادہ آن فیلڈ خراب ترین رویے کا اظہار انگلش کرکٹرز کی جانب سے سامنے آیا۔
اس عرصے کے دوران انگلینڈ کی جانب سے 12 خلاف ورزیاں ہوئیں،ان میں سے جیمز اینڈرسن، جیسن روئے اور جونی بیئر اسٹو نے 2،2 مرتبہ کوڈ آف کنڈکٹ توڑا، فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ 3 مرتبہ خراب رویے کی وجہ سے سرنش اور جرمانوں کی زد میں آئے، اگست 2020 میں پاکستان کے یاسر شاہ کو آؤٹ کرنے بعد نامناسب الفظ ادا کرنے کی وجہ سے ان پر15 فیصد میچ فیس جرمانہ کی گئی۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے کھلاڑی جنوبی افریقہ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد اچھے بن گئے ہیں، پہلے ان کا ٹیم کلچر کسی بھی قیمت پر فتح حاصل کرنا تھا مگر بعد میں وہ تبدیل ہوا اور اس کا ثبوت ان 3 برس میں صرف 2 خلاف ورزیوں کا مرتکب ہونا ہے جو پاکستان، افغانستان اور آئرلینڈ کے ساتھ خلاف ورزیوں کی کم ترین تعداد ہے۔