پاکستانی قانون دان نے ’ہیرا منڈی‘ کے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کو 1ارب ڈالر ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا

پاکستانی قانون دان نے ’ہیرا منڈی‘ کے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کو 1ارب ڈالر ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا


پاکستان کے معروف قانون دان اور اہم سماجی شخصیت بیرسٹر عامر عزیز نے بالی ووڈ کے پروڈیوسر و ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی اور نیٹ فلکس پر پاکستان کی ثقافت کو بالی ووڈ فلم ’ہیرا منڈی‘ کے زریعے بدنام کرنے پر ایک ارب ڈالر کا ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا ہے۔

پندرہ دن کے اندر معافی نہ مانگنے اور ہرجانہ ادا نہ کرنے پر عالمی عدالت میں مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

پاکستانی قانون دان بیرسٹر عامر عزیز نے کہا ہے کہ بھارتی فلم’ہیرا منڈی‘ میں غلط حقائق بیان اور لاہور کی ثقافت کو بدنام کیا گیا ہے۔

پاکستانی قانون دان بیرسٹر عامر عزیز کی جانب سے بھارتی پروڈیوسر و ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی اور بین الاقوامی براڈ کاسٹنگ ادارے نیٹ فلکس کی انتظامیہ کو جاری کیے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں واقع ہیرا منڈی پاکستان کا حصہ رہا ہے جس کے اوپر بنائی جانے والی فلم حقائق کے برخلاف، پاکستانی ثقافت کو بدنام کرنے اور پاکستان کے خلاف سازش کے طور پر بنائی گئی ہے جس کی نہ حکومت پاکستان اور نہ ہی حکومت پنجاب سے اس کی اجازت لی گئی ہے۔

’ہیرا منڈی‘میں پیش کیے گئے حالات و واقعات حقائق کے برخلاف ہیں جس سے پاکستان کے عوام کی تکلیف پہنچی ہے جبکہ بھارتی پروڈیوسر اور براڈ کاسٹنگ کمپنی نے اس فلم کے ذریعے اربوں روپے کمائے ہیں۔

دوسری جانب حکومت پاکستان اس فلم کو پاکستان میں دکھانے پر پہلے ہی پابندی عائد کرچکی ہے لہٰذا اس قانونی نوٹس کے ذریعے پندرہ دن کا وقت دیا جاتا ہے کہ اس متنازع فلم کو بنانے اور دکھانے پر پاکستانی اور لاہور کے عوام سے معافی مانگی جائے اور ایک ارب ڈالر کا ہرجانہ حکومت پاکستان کو ادا کیا جائے بصورت دیگر پندرہ دن بعد عالمی عدالت انصاف میں تمام ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کرادیا جائے گا۔

واضح رہے بیرسٹر عامر عزیز مفاد عامہ کے کیسوں پر اپنی آواز بلند کرنے کے حوالے سے معووف ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں