پاکستانی اداکاروں سے بھارتی فنکار خوفزدہ ہیں؟ اس سوال پر فواد خان نے کیا کہا؟

پاکستانی اداکاروں سے بھارتی فنکار خوفزدہ ہیں؟ اس سوال پر فواد خان نے کیا کہا؟


پاکستان شوبز انڈسٹری کے اسٹار فواد خان کا کہنا ہے کہ سیاست سب جگہ پر ہوتی ہے اس طرح بالی ووڈ میں بھی بہت سیاست ہے۔

فواد خان نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بھارت میں کام کرنے کے تجربے اور بھارتی عوام کی جانب سے ملنے والی محبت کے بارے میں بات کی۔

پوڈ کاسٹ کے میزبان احمد علی بٹ نے اداکار سے یہ سوال پوچھا کہ کیا بھارت میں پاکستانی اداکاروں کی شہرت دیکھ کر بھارتی اداکار خوفزدہ ہوتے ہیں؟

فواد خان نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ بڑا مشکل سوال ہے کیونکہ مجھے بھارت سے بہت محبت بھی ملی ہے۔

اداکار نے کہا کہ سیاست ہر انڈسٹری میں ہوتی ہے، پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی ہوتی ہے، انسان اپنے ملک کی انڈسٹری میں ہونے والی سیاست کا مقابلہ زیادہ آسانی سے کر سکتا ہے، میں یہ نہیں کہوں گا کہ میں نے ایسی باتیں بھارت میں سنی نہیں ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ جہاں تک بات ہے کہ پاکستانی اداکاروں کی شہرت کو بھارتی اداکار خطرہ سمجھتے ہیں یا نہیں تو میں خود تھوڑا سا مختلف نظریہ رکھتا ہوں، مجھے ایسا نہیں لگتا کہ جو دِکھتا ہے وہی بِکتا ہے بلکہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ جو کم دِکھتا ہے وہ زیادہ بِکتا ہے تو  اس لیے میں بھارت میں اپنی پی آر ٹیم کو کہتا ہوں کہ وہ میرا نام ہر جگہ پر سامنے نہ لائیں۔

فواد خان نے مزید بتایا کہ میری بھارت میں موجود پی آر ٹیم کو میری اس سوچ پر اعتراض ہوتا ہے اور وہ لوگ مجھ سے کہتے ہیں کہ آپ کو نہیں پتہ کہ آج کل دنیا کس طرح چلتی ہے تو میرا ان لوگوں کو ہمیشہ یہی جواب ہوتا ہے کہ میں سوشل میڈیا کا ضرورت سے زیادہ استعمال نہیں کرنا چاہتا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ انسان کو صرف اپنے کام کی مارکیٹنگ کرنی چاہیے، میں اپنی روز مرہ زندگی کے بارے میں سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ تصاویر شیئر نہیں کرنا چاہتا ہوں کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ اس طرح بطور فلم اسٹار آپ کی شخصیت میں زیادہ دلکشی باقی نہیں رہتی۔

اداکار نے انکشاف کیا کہ میں نے اپنا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ خود نہیں بنایا، فلم ’خوبصورت‘ کی شوٹنگ کے دوران سونم کپور نے میرا ٹوئٹر اکاؤنٹ بنایا تھا اور اس کے بعد فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کی شوٹنگ کے دوران سدھارتھ ملہوترا نے میرا انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا تھا۔

اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ بات مانتا ہوں کہ مداحوں کے ساتھ بات چیت کرنا ضروری ہے لیکن ایک وہ دور بھی تو تھا جب سوشل میڈیا نہیں تھا، اپنے مداحوں کے ساتھ اداکار بات چیت تو اس وقت بھی کرتے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں